کامن ویلتھ گیمز قومی ہاکی ٹیم کی آسٹریلیا میں تیاریاں جاری

فارورڈز کو ماضی کا سنہری دور یاددلانے کیلیے خصوصی لیکچرز، نیچرل گیم پیش کرنے کی ہدایت، پریکٹس میچزکاآغاز


فارورڈز کو ماضی کا سنہری دور یاددلانے کیلیے خصوصی لیکچرز، نیچرل گیم پیش کرنے کی ہدایت، پریکٹس میچزکاآغاز۔ فوٹو: فائل

کامن ویلتھ گیمز کا حصہ بننے کیلیے آسٹریلیا میں موجود قومی ہاکی پلیئرز کو خصوصی لیکچرز کا سلسلہ شروع کر دیا گیا۔

ہاکی ٹیم 4 اپریل سے شروع ہونے والی کامن ویلتھ گیمز کا حصہ بننے کے لیے ان دنوں آسٹریلیا میں موجود ہے اور وہاں ٹریننگ کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔ذرائع کے مطابق کھلاڑیوں کو دوسیشنز میں خصوصی مشقیں کرائی جارہی ہیں، پہلے مرحلے میں ابتدائی ورزشوں کے بعد پلیئرز کو ڈیفنس، فاروڈ اور گول کیپنگ کے شعبے میں بھر پور تربیت دی جا رہی ہے جبکہ شام کا سیشن جم ٹریننگ کے لیے مختص کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق چند دن کی ٹریننگ کے بعد اب ہیڈ کوچ اور ٹیم منیجر کی طرف سے کھلاڑیوں کوخصوصی لیکچرزدینے کا سلسلہ بھی شروع کردیا گیا ہے۔

چیف کوچ رولینٹ اولٹمنز پلیئرز کو باور کروا رہے ہیں کہ تم دنیا کے بہترین پلیئرز ہو، میگا ایونٹ کے میچز کے دوران دبائو کا شکار ہونے کی بجائے قدرتی کھیل پیش کر کے نتائج اپنے حق میں کیے جا سکتے ہیں، ٹیم منیجر حسن سردار کا زیادہ تر دھیان فارورڈز پر ہے، وہ پلیئرز کو ماضی کے یادگار میچز کے حوالے دے کر ٹیم میں جیت کی تڑپ پیدا کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔

یاد رہے کہ کامن ویلتھ گیمز گولڈ کوسٹ آسٹریلیا میں 4 اپریل سے شروع ہوکر 15 اپریل تک جاری رہیں گی۔میگا ایونٹ میں شریک ٹیموں کو دو گروپس اے اور بی میں تقسیم کیا گیا ہے۔

پول بی میں شامل پاکستان کے ساتھ روایتی حریف بھارت، انگلینڈ، ملائیشیا اور ویلز کو شامل کیا گیا ہے، گیمز کے شیڈول کے مطابق پاکستانی ٹیم اپنا پہلا میچ 5 اپریل کوویلز کے خلاف کھیلے گا جبکہ 7 اپریل کو روایتی حریف پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں ایک دوسرے کے مدمقابل ہوں گی۔

پاکستان کواب تک کامن ویلتھ گیمز میں ایک سلور اور ایک برونز میڈل جیتنے کا اعزاز حاصل ہو اہے،2002 میں انگلینڈ کے شہر مانچسٹر میں پاکستانی ٹیم نے جنوبی افریقہ کو 2 کے مقابلے میں 10 گول سے شکست دے کر تیسری پوزیشن حاصل کی تھی جبکہ 2006 میں آسٹریلیا کے شہر میلبورن میں شیڈول میگا ایونٹ میں پاکستانی ٹیم فائنل تک رسائی حاصل کرنے میں کامیاب رہی تاہم ٹائٹل مقابلے میں گرین شرٹس کو صفر کے مقابلے میں3گول سے میزبان ٹیم نے شکست دی تھی۔

مزید معلوم ہوا ہے کہ گزشتہ روز آرام کے بعد آج کھلاڑی ایک بار پھر 2 سیشنز میں ٹریننگ کریں گے، دوپہر کے سیشن میں ابتدائی ٹریننگ کے بعد پلیئرز کی 2 ٹیمیں بنا کر ان کے درمیان پریکٹس میچ کروایا جائیگا جبکہ دوسرے سیشن میں کھلاڑی جم ٹریننگ کریں گے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں