اسٹیون اسمتھ کے آنسو شائقین کا دل پگھلانے لگے

عوام کی ہمدردی ملنے لگی، یہ بال ٹیمپرنگ ہے کوئی قتل کا معاملہ نہیں،انگلش اخبار


AFP March 31, 2018
دوسرا موقع ملنا چاہیے(وان)وارنرکا سزا کو چیلنج کرنے پر غور،آج میڈیا سے گفتگو۔ فوٹو: اے ایف پی

اسٹیون اسمتھ کے آنسو شائقین کا دل پگھلانے لگے،آسٹریلیا میں سابق کپتان کیلیے ہمدردی کی لہر چل پڑی۔

گزشتہ دنوں اسٹیون اسمتھ میڈیا کے سامنے رو پڑے جس کے بعد انھیں عوام کی ہمدردی ملنے لگی ہے،جنوبی افریقہ میں بال ٹیمپرنگ کا اعتراف کرنے پر اسمتھ اور ڈیوڈ وارنر کو ایک سال کیلیے کرکٹ سے دور کیا گیا، گیند کو ریگ مال سے رگڑکر''تیار'' کرنے پر مامورکیمرون بینکرافٹ پر 9 ماہ کی پابندی عائد کردی گئی ہے، انھوں نے یہ حرکت گذشتہ ہفتے کیپ ٹائون ٹیسٹ میں کی تھی جسے گرائونڈ میں نصب کیمروں نے عکسبند کرلیا تاہم اب انگلینڈ کا میڈیا بھی آسٹریلوی کرکٹرز کے حق میں لکھنے لگا ہے۔

ایک اخبار نے شہ سرخی سجائی کہ '' پیارے آسٹریلیا اب بہت ہوچکا، یہ بال ٹیمپرنگ ہے کوئی قتل کا معاملہ نہیں۔''شین وارن نے مقامی اخبار کیلیے کالم میں درج کیا کہ ہم سب کو اس واقعے سے بہت دکھ پہنچا لیکن جوردعمل سامنے آیا وہ ہم نے اس سے قبل کبھی نہیں دیکھا۔

سابق انگلش کپتان مائیکل وان نے ٹویٹ کیا کہ اسمتھ اور بینکرافٹ نے گذشتہ دن میڈیا کے سامنے معذرت کرلی، میرے خیال میں ان کو دوسرا موقع ملنا چاہیے، امید ہے کہ انھیں عوام کی تائید بھی ملے گی۔

دوسری جانب اس معاملے میں ملوث تیسرے کردار ڈیوڈ وارنر نے سزا کو چیلنج کرنے پر غور شروع کردیا، کرکٹ آسٹریلیا نے سابق نائب کپتان پر بال ٹیمپرنگ اسکینڈل کے ماسٹر مائنڈ ہونے کا الزام بھی دھرا ہے، وہ اپنی فیملی کے ہمراہ گزشتہ دنوں وطن واپس پہنچ چکے اورہفتے کوسڈنی کرکٹ گرائونڈ میں میڈیا کا سامنا کریں گے، ان کے دیگر2 ساتھیوں نے تو رو دھوکر عوام سے معافی مانگ لی۔

وارنر سوشل میڈیا پر اپنے کیے پر شرمندگی کا اظہار کر چکے،توقع ہے کہ اب عوام سے معذرت بھی کر لیںگے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔