سرفراز احمد کا ویسٹ انڈیز ٹیم کو آسان حریف سمجھنے سے انکار

سیریز میں0-3 سے فتح کا عزم لے کر میدان میں اتریں گے،سرفراز احمد

سیریز میں0-3 سے فتح کا عزم لے کر میدان میں اتریں گے،سرفراز احمد۔ فوٹو : فائل

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے ویسٹ انڈیز ٹیم کو آسان حریف سمجھنے سے انکار کردیا۔

ٹی ٹوئنٹی سیریز کے پہلے میچ سے قبل پریس کانفرنس کرتے ہوئے قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ مہمان ٹیم کے پاس پاور ہٹرز اور ٹی ٹوئنٹی اسپیشلسٹ موجود ہیں، ورلڈ کپ کی تیاری کےلیے گرین شرٹس درست ٹریک پر ہیں لیکن ویسٹ انڈیز کو آسان حریف نہیں سمجھتے، کاغذوں میں وہ کمزور نظر آتے ہیں لیکن ہم گزشتہ 2 سال سے ان کے ساتھ کھیل رہے ہیں لیگز میں بھی کیریبیئنز کی صلاحیتوں کا بخوبی اندازہ ہوچکا، ٹی ٹوئنٹی کی اچھی ٹیم ہے جس میں پاور ہٹرز اور اسپیشلسٹ موجود ہیں۔


سرفراز احمد نے کہا کہ سیریز میں 0-3 سے فتح کا عزم لے کر میدان میں اتریں گے تاکہ اپنی عالمی نمبر ون پوزیشن کو مزید مستحکم کر سکیں، ویسٹ انڈیز کے خلاف نوجوان کرکٹرز کو بھی مواقع دیں گے تاکہ ہوم گراﺅنڈ پر پرفارم کرکے اپنے اعتماد میں اضافہ کرسکیں، حسین طلعت اور آصف علی کیلیے خود کو منوانے کا موقع ہے جب کہ بطور کپتان میری کوشش ہوتی ہے کہ وکٹ کیپنگ اور بیٹنگ دونوں میں بہتر پرفارم کروں۔

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان نے کہا کہ ورلڈ کپ کے لیے ہماری تیاریاں درست سمت میں جاری ہیں، نوجوان کرکٹرز کو ٹیم میں شامل کرنا اور مسلسل مواقع دینا ترجیح رہی ہے جب کہ خوش آئند بات یہ ہے کہ وہ پرفارم بھی کر رہے ہیں، محمد حفیظ اور شعیب ملک جیسے سینئرز کے تجربے سے بھی فائدہ اٹھارہے ہیں۔
Load Next Story