ویسٹ انڈیز کی ٹیم 3 ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلنے پاکستان پہنچ گئی

مہمان ٹیم کے کھلاڑیوں کو سخت سیکیورٹی میں ایئرپورٹ سے ہوٹل پہنچا دیا گیا


ویب ڈیسک April 01, 2018
کراچی میں پاک ویسٹ انڈیز ٹی ٹوئنٹی سیریزکے لیے نیشنل اسٹیڈیم کو سجا دیا گیا ہے ۔ فوٹو : پی سی بی

ویسٹ انڈیز کی کرکٹ ٹیم 3 ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلنے پاکستان پہنچ گئی، مہمان ٹیم کا سندھ کےوزیر کھیل سردار محمد بخش خان مہر اور دیگر نے شاندار استقبال کیا، پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز کا آج سے آغاز ہوگا۔

پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ٹی ٹوئنٹی کا میدان آج لگے گا


ویسٹ انڈیز کی کرکٹ ٹیم پاکستان کے خلاف 3 ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلنے کے لیے کراچی پہنچ گئی، کراچی ایئرپورٹ پرمہمان ٹیم کا وزیر کھیل سردار محمد بخش خان مہر، کمشنر کراچی اعجاز احمد اور رینجرز کے بریگیڈیئر شاہد نے شاندار استقبال کیا۔

کھلاڑیوں کو سندھی ٹوپی، اجرک اور گلدستے پیش کیے گئے


اس موقع پر ویسٹ انڈیز کے کھلاڑیوں کو سندھی ٹوپی، اجرک اور گلدستے پیش کیے گئے۔ پرتپاک استقبال کے بعد مہمان ٹیم کے کھلاڑیوں کو سخت سیکیورٹی میں ایئرپورٹ سے ہوٹل پہنچا دیا گیا۔

نیشنل اسٹیڈیم کو سجا دیا گیا


کراچی میں پاک ویسٹ انڈیز ٹی ٹوئنٹی سیریزکے لیے نیشنل اسٹیڈیم کو سجا دیا گیا ہے اور پی ایس ایل فائنل کے بعد پاک، ویسٹ انڈیز ٹاکرے کے لئے نیشنل اسٹیڈیم ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لئے بالکل تیار ہے، سیریز کے تینوں میچز کے زیادہ تر ٹکٹس فروخت ہوچکے ہیں، باقی ماندہ ٹکٹس کی فروخت بھی جاری ہے، شائقین کراچی میں انٹر نیشنل کرکٹ کی بحالی پر بہت خوش ہیں۔

شائقین سنسنی خیز مقابلے دیکھنے کو بے تاب


دوسری طرف کراچی والوں نے ویسٹ انڈیز کو پُرتپاک طریقے سے خوش آمدید کہنے کی تیاریاں کرلیں ہیں، شائقین بس چوکوں اور چھکوں کے لئے بے تاب ہیں۔

کراچی کے شہریوں کیلئے ٹریفک پلان جاری


پاکستان اور ویسٹ انڈیز ٹی ٹوئنٹی سیریز کے حوالے سے شہریوں کے لئے ٹریفک پلان جاری کردیا گیا ہے، میچ کے دوران کئی راستے بند ہوں گے اور ٹریفک متبادل راستوں سے جائے گا جب کہ شائقین سہ پہر 3 سے شام 7 بجے تک اسٹیڈیم میں داخل ہوسکیں گے۔

واضح رہے ویسٹ انڈیز اور پاکستان کے درمیان شیڈول ٹی ٹوئنٹی سیریز کے میچز یکم، 2 اور 3 اپریل کو کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر عندیہ دے چکے ہیں کہ سیریز دلچسپ رہے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں