پاکستانی خواتین نے سری لنکا میں فتح کے جھنڈے گاڑ دیے

ون ڈے کے بعد ٹوئنٹی20کرکٹ سیریزبھی اپنے نام کرلی،تیسرے میچ میں میزبان ٹیم کو38رنز سے شکست کا سامناکرنا پڑا


Sports Desk April 01, 2018
ون ڈے کے بعد ٹوئنٹی20کرکٹ سیریزبھی اپنے نام کرلی،تیسرے میچ میں میزبان ٹیم کو38رنز سے شکست کا سامناکرنا پڑا۔ فوٹو: پی سی بی

پاکستانی خواتین نے سری لنکا میں فتح کے جھنڈے گاڑ دیے۔

ون ڈے کے بعد پاکستان نے سری لنکا کو ٹوئنٹی 20 سیریز میں بھی شکست دے کر بالادستی ثابت کردی، ٹیم نے اس سے قبل آئی سی سی ون ڈے چیمپئن شپ میں بھی میزبان ٹیم پر 3-0 سے غلبہ حاصل کیا تھا۔

گزشتہ روز منعقدہ تیسرے ٹوئنٹی 20 میں آئی لینڈرز نے ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا، گرین شرٹس نے پہلے کھیل کر مقررہ اوورز میں 6 وکٹ پر113رنز بنائے، اوپنرز سدرہ امین (23) اور ناہیدہ خان (19) نے ٹیم کو 33رنز کا آغاز فراہم کیا۔

کپتان بسمہٰ معروف کا وکٹ پر قیام مختصر رہا، وہ محض ایک رن بنا پائیں، جویریہ نے عمدہ پرفارم کرتے ہوئے تین چوکوں کی مدد سے38رنز اسکور کیے، ندا ڈار نے22رنز بناکر ان کا ساتھ نبھایا، نٹالیا پرویز1رن پر پویلین لوٹ گئیں، ایمن انور3اورثنا میربغیرکوئی رن بنائے ناٹ آؤٹ رہیں۔

اسپنرز کی عمدہ بولنگ کے سامنے میزبان ٹیم مقررہ اوورز میں 8 وکٹ پر 75رنز بنا سکی، ایمالکا مینڈس25 پر ناٹ آؤٹ رہیں، ثنامیر، نشری سندھو، بسمہٰ معروف اور ندا ڈار نے مشترکہ طور پر 15 اوورز میں 41رنز دے کر3 پلیئرز کو آؤٹ کیا۔

سری لنکن پلیئرز کو وکٹوں کے درمیان دوڑنے میں بھی مشکلات کا سامنا رہا اور چار کھلاڑی رن آؤٹ ہوئیں، بسمہ معروف نے 14رنز کے عوض 2 وکٹیں حاصل کیں،ندا ڈار نے نہایت کفایتی بولنگ کی،آف اسپنر کے چار اوورز میں صرف 6رنز بن سکے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں