ہیٹ ویو مرکز قائم شدید گرمی کی 3 روز قبل پیش گوئی ممکن

مرکزمیں صبح ،دوپہر اورشام کا درجہ حرارت، ہوا میں نمی کاتناسب اورہواؤں کی سمت سمیت دیگر کئی عوامل کا مشاہدہ کیاجائے گا۔

موسم کے پیش نظرہیٹ الرٹ،وارننگ اورایڈوائزجاری کرے گا،مرکز20اداروں سے منسلک رہے گا۔ فوٹو: فائل

محکمہ موسمیات کی جانب سے ہیٹ ویو سینٹر قائم کردیا گیا ہے، مرکز15اپریل سے مکمل طور پر فعال کردیاجائے گا اور مرکز کی فعالیت سے شدید گرمی کے دوران گرمی کی لہر (ہیٹ ویو) کی 3 روز قبل پیش گوئی ممکن ہوسکے گی۔

ریجنل ڈائریکٹر محکمہ موسمیات شاہد عباس کے مطابق یہ امکان موجود ہے کہ رواں سال موسم گرما میں جس طرح سے مارچ کے مہینے میں درجہ حرارت میں4 ڈگری سینٹی گریڈ کا غیر معمولی اضافہ دیکھا گیا ہے اسی طرح ممکن ہے کہ رواں ماہ اپریل اور مئی کا مہینہ بھی غیر معمولی موسمی صورتحال کی زد میں رہ سکتا ہے اگلے چند ماہ ممکنہ طورپر غیر معمولی گرمی کے پیش نظر رواں ماہ کے وسط میں ہیٹ ویو سینٹر کوفعال کردیا جائے گا۔

ہیٹ ویو سینٹر کے قیام کی ضرورت سن 2015 میں شہر میں آنے والی پہلی گرمی کی شدید لہر کے بعد محسوس کی گئی گوکہ سن 2015 میں ہزاروں اموات کی وجہ بننے والے گرمی کی شدید لہر کے دوران شہریوں کی کم علمی بھی تھی جبکہ دیگر وجوہات میں پانی ،بجلی کی عدم دستیابی اور شہر بھر کے اسپتالوں میں آگاہی نہ ہونے کی وجہ سے انتظامات کا فقدان بھی تھا مگر 2015 کے گرمی کی لہر (ہیٹ ویو) کے بعد ضرورت سمجھی گئی کہ کوئی ایسا پلیٹ فارم بنایاجائے جو اس قسم کی ہنگامی موسمیاتی صورتحال کے دوران اداروں کے درمیان نہ صرف رابطے کا کام کرے بلکہ اس حوالے سے شہریوں کو ذرائع ابلاغ کے ذریعے آگاہی اور احتیاطی معلومات بھی فراہم کی جاسکے۔


شاہد عباس کے مطابق ہیٹ ویو سینٹر 15اپریل سے 15اکتوبر کے دوران 6 ماہ کے لیے متحرک رہے گا، ہیٹ ویو سینٹر میں 25 ماہرین پر مشتمل عملہ کام کرے گا یہ مرکز چیف سیکریٹری ،کمشنر کراچی ،کے الیکٹرک ،واٹربورڈ، وفاقی و صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز سمیت 20 مختلف اداروں سے منسلک رہے گا۔

ہیٹ ویو سینٹر کا عملہ گرمی کی شدید لہر کے دوران شہر کے صبح وشام کے درجہ حرارت ،ہوا میں نمی کاتناسب ،ہواؤں کی سمت اوررفتار سمیت دیگر بنیادی عوامل اور وجوہات پر نظر رکھے گا اورآلات کے مطابق لمحہ بہ لمحہ کی رپورٹ مرتب کرکے منسلک اداروں کو دے گا یہ مرکز کراچی ایئرپورٹ پر قائم محکمہ موسمیات کے مرکز کے علاوہ صوبے بھر کے موسمی مراکز سے بھی مکمل رابطے میں رہے گا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ہیٹ ویو سینٹر 3 روز قبل کی پیش گوئی کی استعداد کا حامل ہوگا اور موسمیاتی صورتحال کے تناظر میں ایڈوائزری ،ہیٹ الرٹ اور ہیٹ وارننگ جاری کرے گا۔

 
Load Next Story