پاک ویسٹ انڈیز ٹی ٹوئنٹی مقابلوں پر ایک نظر

دورہ ویسٹ انڈیز 2013 میں پاکستان نے 2 میچز کی سیریز میں کلین سوئپ کیا۔


دورہ ویسٹ انڈیز 2013 میں پاکستان نے 2 میچز کی سیریز میں کلین سوئپ کیا۔ فوٹو: فائل

ISLAMABAD: پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی ٹیمیں اب تک 11 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز میں آمنے سامنے آ چکی ہیں، گرین شرٹس نے 8 فتوحات سمیٹیں جبکہ کریبیئنز 3 مقابلوں میں کامیاب رہے۔

دونوں ٹیمیں پہلی مرتبہ اپریل 2011 میں گروس آئزلٹ میں مدمقابل ہوئیں جس میں پاکستان کو ٹور کے واحد ٹی ٹوئنٹی میچ میں 7 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا ،دورہ ویسٹ انڈیز 2013 میں پاکستان نے 2 میچز کی سیریز میں کلین سوئپ کیا، پہلے مقابلے میں ذوالفقار بابر نے آخری گیند پر چھکا لگاتے ہوئے 153 کے ہدف کا حصول 8وکٹوں پر ممکن بنایا، 46 رنز بنانے والے شاہد آفریدی مین آف دی میچ رہے۔

دوسرے میچ میں قومی ٹیم 11 رنز سے فاتح رہی، 46 رنز بنانے والے عمر اکمل مین آف دی میچ جبکہ دو میچز میں 5 وکٹیں اور 24 رنز بنانے والے ذوالفقار بابر سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2014 کے گروپ میچ میں ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو 84 رنز کے بڑے مارجن سے زیر کیا جب 167 کے ہدف کے تعاقب میں گرین شرٹس 82 رنز پر ڈھیر ہو گئے۔

یو اے ای سیریز 2016 میں پاکستان نے 3-0 سے فتح حاصل کی، میزبان ٹیم نے پہلے میچ میں 9 وکٹوں سے آسان فتح سمیٹی، بابر اعظم 55 رنز پر ناقابل شکست رہے، 14 رنز کے عوض 5 شکار کرنے والے عماد وسیم پلیئر آف دی میچ قرار پائے، دوسرے میچ میں گرین شرٹس کو 16 رنز سے کامیابی ملی، سرفراز احمد (46) مین آف دی میچ رہے، سہیل تنویر اور حسن علی نے 3،3 وکٹیں اڑائیں۔

تیسرے میچ میں گرین شرٹس 8 وکٹ سے سرخرو ہوئے، شعیب ملک 43 پر ناقابل شکست رہے، عماد وسیم نے 3 کھلاڑیوں کو میدان بدر کیا، آل راؤنڈر میچ اور سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ دورہ ویسٹ انڈیز 2017 میں کھیلے جانے والی 4 میچوں کی سیریز میں پاکستان 3-1 سے فاتح رہا، پہلے مقابلے میں پاکستان 6وکٹ سے سرخرو کامیاب ہوا، ڈیبیو کرنے والے شاداب خان 3 وکٹیں حاصل کرتے ہوئے مین آف دی میچ رہے۔

دوسرے میچ میں گرین شرٹس کو 3 رنز سے فتح ملی، 14 رنز کے عوض 4 وکٹیں اڑانے والے شاداب خان اس بار بھی مرد میدان قرار پائے، تیسرے میچ میں میزبان ٹیم 7 وکٹ سے فاتح رہی ، ایون لیوس 91 رنز بنا کر اپنی ٹیم کو اکلوتی کامیابی دلانے میں کامیاب ہوئے، تاہم چوتھے میچ میں پاکستان نے 7وکٹ سے کامیابی سمیٹتے ہوئے سیریز اپنے نام کی۔ شاداب خان اپنی پہلی ہی سیریز میں بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ لے اڑے۔

باہمی مقابلوں میں پاکستان کی جانب سے بابراعظم 7 میچز میں 238 رنز کیساتھ ٹاپ سکورر ہیں، شعیب ملک اور احمد شہزاد 8،8 میچز میں بالترتیب 159 اور 143 رنز بنا چکے ہیں۔ سب سے بڑی انفرادی اننگز 55 رنز ناٹ آؤٹ بابر اعظم کی ہے، احمد شہزاد بھی ففٹی سکور کر چکے ہیں۔ عماد وسیم 7 میچز میں سب سے زیادہ 11 وکٹیں اڑا چکے ہیں، شاداب خان 4 اور سہیل تنویر 8 میچز میں 10,10 جبکہ حسن علی 6 میچز میں 8 کھلاڑی آؤٹ کر چکے ہیں، عماد وسیم کے 14 رنز کے عوض 5 شکار کسی بھی پاکستان بولر کی ویسٹ انڈیز کے خلاف اننگز میں بہترین کارکردگی ہے۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے ڈیوائن براوو 6 میچز میں 190 رنز کیساتھ ٹاپ سکورر ہیں، مارلن سیموئلز 11 میچز میں 188، کیرون پولارڈ 9 میچز میں 135، ایون لیوس 6 میچز میں 115 اور لینڈل سیمنز 8 میچز میں 112 رنز بنا چکے ہیں، سب سے بڑی انفرادی اننگز ایون لیوس نے 91 رنز کی کھیلی، بولنگ میں سیموئل بدری 9 میچز میں 13 وکٹوں کے ساتھ سرفہرست ہیں، سنیل نارائن 10 میچز میں 11، جبکہ کارلوس بریتھ ویٹ 7 اور کیسرک ولیمز 5 میچز میں 6,6 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں، دویندرا بشو نے کی 17رنز کے عوض 4 وکٹیں پاکستان کے خلاف کسی بھی ویسٹ انڈین بولر کی سب سے بہترین کارکردگی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں