نگراں حکومت پنجاب کا بجلی کے بحران سے نمٹنے کیلئے ہفتے میں 2 چھٹیوں کا فیصلہ

صرف پنجاب میں لوڈ شیڈنگ ناانصافی ہے اس سلسلے میں فوری طور پر مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس بلایا جائے، صوبائی کابینہ

نگران وزیراعلی پنجاب نجم سیٹھی نے دو روز قبل میڈیا سے گفتگو کے دوران ہفتے میں دو چھٹیوں کی مخالفت کی تھی. فوٹو: فائل

نگراں پنجاب کابینہ نے بجلی کے بحران پر وفاقی حکومت سے مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس بلانے کا مطالبہ کرتے ہوئے صوبے میں ہفتہ وار 2 چھٹیوں کا فیصلہ کیا ہے۔

لاہور میں نگراں وزیراعلیٰ نجم سیٹھی کی سربراہی میں صوبائی کابینہ کے اجلاس میں انتخابات کے لئے امن و امان کی صورتحال اور توانائی بحران پر غور کیا گیا، کابینہ کی جانب سے صوبے میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ پر تشویش کا اظہار کیا گیا، نگراں کابینہ نے مطالبہ کیا کہ صرف پنجاب میں لوڈ شیڈنگ ناانصافی ہے ملک بھر میں یکساں لوڈ شیڈنگ ہونی چاہیئے اس سلسلے میں فوری طور پر مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس بلایا جائے،پنجاب کی نگراں کابینہ کا کہنا تھا کہ عوام کے حقوق کا تحفظ کیا جائے گا تاہم احتجاج کی آڑ میں کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دیں گے۔


نگراں وزیر اعلیٰ نجم سیٹھی نے کابینہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بجلی کے بحران پر قابو پانے اور لوڈ شیڈنگ میں کمی کے لئے وہ خود اپنی ٹیم کے ہمراہ نگراں وزیراعظم سے ملاقات کریں گے اس کے علاوہ بجلی کی بچت کےلیےتمام طریقےاپنائےجائیں گے۔

واضح رہے کہ نگران وزیراعلی پنجاب نجم سیٹھی نے دو روز قبل میڈیا سے گفتگو کے دوران ہفتے میں 2 چھٹیوں کی مخالفت کی تھی۔
Load Next Story