ٹریفک پولیس کا پلان دھرا رہ گیا شہری پریشان

اتوارکوچھٹی کے باوجودمنٹوںکاسفرگھنٹوں میں طے ہوا،متبادل راستوں پرٹریفک کی روانی برقراررکھنے کیلیے اقدامات نہیں کیے گئے


Staff Reporter April 02, 2018
گلشن سے ڈرگ روڈجانے والی سڑک اور لیاقت آباد 10نمبر پر ٹریفک جام رہا، آج کاروباری دن کے باعث اصل صورتحال سامنے آئے گی۔ فوٹو: ایکسپریس

ٹریفک پولیس کا ٹی ٹوئنٹی میچ کے لیے بنایا گیا کنٹی جنسی پلان دھرا رہ گیا۔

نیشنل اسٹیڈیم میں اتوار ، پیر اور منگل کو پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی ٹیموں کے درمیان ٹی ٹوئنٹی میچ کی سیریز کھیلی جارہی ہے جس کیلیے ٹریفک پولیس نے نیشنل اسٹیڈیم جانے والے راستوں کو بند کرکے شہریوں کیلیے متبادل راستوں کا اہتمام کیا تھا تاہم اتوار کو ٹریفک پولیس نے راستوں کو سیل کردیا جبکہ متبادل راستوں پر ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کیلیے کوئی خاطر خواہ اقدامات نہیں کیے گئے جس کے باعث شہریوں نے منٹوں کا سفر گھنٹوں میں طے کیا۔

گلشن اقبال سے ڈرگ روڈ جانے والی شارع پر بدترین ٹریفک جام رہا اس کے علاقہ لیاقت آباد دس نمبر پر بھی ٹریفک کی روانی شدید متاثر رہی جبکہ پیر اور منگل کو اسکول ، کالجز ، کاروباری مراکز اور دفاتر معمول کے مطابق کھول جائیں گے۔

دیکھنا یہ ہے کہ ٹریفک پولیس کی جانب سے ٹریفک روانی کو برقرار رکھنے اور شہریوں کو بدترین ٹریفک جام کے عذاب سے بچانے کیلیے کیا حکمت عملی اپنائی جاتی ہے اس سلسلے میں ٹریفک پولیس نے خصوصی ٹریفک پلان اور متبادل راستوں کا علان کیا تھا ،ٹریفک پولیس کے مطابق شہر کے مختلف علاقوں سے نیشنل اسٹیڈیم آنے والے شائقین جن کے پاس میچ کے ٹکٹ ہوں گے ان کے لیے پارکنگ کے خصوصی انتظامات کیے گیے ہیں۔

پارکنگ کرنے کے لیے اصل شناختی کارڈ و میچ کا ٹکٹ دکھانا لازمی ہوگا ٹریفک پولیس کے مطابق ضلع وسطی (سینٹرل) اور غربی (ویسٹ )کے رہائشی شہری نیپا اور لیاقت آباد نمبر 10 ، حسن اسکوائر سے بائیں جانب یونیورسٹی روڈ پر گراؤنڈ نزد حکیم سعید پارک ، اردو یونیورسٹی گراؤنڈ اور اتوار بازار گراؤنڈ بالمقابل بیت المکرم مسجد کے قریب اپنی گاڑی ، موٹر سائیکل پارک کریں گے اور بعدزاں انھیں شٹل بس سروس کے ذریعے ایکسپو سینٹر کے قریب لایا جائے گا۔

ضلع ملیر اور شرقی (ایسٹ )کے رہائشی صفورا ، نیپا اور سہراب گوٹھ ، گلشن چورنگی بائیں جانب اے جی سندھ یو ٹرن ، نیپا سے یونیورسٹی روڈ غریب نواز فٹبال گراؤنڈ پر اپنی گاڑی اور موٹر سائیکل پارک کریں گے اور انھیں بھی بعدازاں شٹل بس سروس کے ذریعے ایکسپو سینٹر کے قریب لایا جائے گا ضلع شرقی (ایسٹ) اور ملیر کے رہائشی براستہ ڈرگ روڈ اور راشد منہاس روڈ ملینئیم مال سے بائیں جانب اسٹیڈیم روڈ (جانب ڈالمیا) پر غریب نواز فٹبال گراؤنڈ میں اپنی گاڑی، موٹر سائیکل پارک کریں اور بذریعہ شٹل بس انھیں بحریہ یونیورسٹی اسٹیڈیم روڈلایا جائے گا۔

ضلع جنوبی (ساؤتھ) ،سٹی، غربی(ویسٹ) اور کورنگی و ڈیفنس کے رہائشی شارع فیصل ،شارع قائدین ، اللہ والی چورنگی ، سوسا ئٹی سگنل سے دائیں جانب کشمیر روڈ کے ایم سی گراؤنڈ، KDA کلب اور چائنا گراؤنڈ میں اپنی گاڑی، موٹر سائیکل پارک کریں اور بزریعہ شٹل بس انہیں فاطمہ جناح کالج بالمقابل آغا خان ہسپتال گیٹ نمبر3 لایا جائے گا،ضلع وسطی (سینٹرل )اور غربی(ویسٹ) کے رہائشی براستہ ناظم آباد، لسبیلہ ، گرومندر، پی پی چورنگی سے جانب عائشہ عزیز چورنگی سے کشمیر روڈ پر کے ایم سی گراؤنڈ، KDA کلب اور چائنا گراؤنڈ میں اپنی گاڑی ،موٹر سائیکل پارک کریں اور بزریعہ شٹل بس انہیں فاطمہ جناح کالج بالمقابل آغا خان ہسپتال گیٹ نمبر 3لایا جائے گا۔

ٹریفک پولیس کے مطابق شارع فیصل سے حبیب ابراہیم رحمت اللہ روڈ جانب سر شاہ سلیمان روڈعام پبلک کو جانے کی اجازت نہیں ہوگی، کارساز، ڈرگ روڈ شارع فیصل سے بائیں جانب راشد منہاس روڈ، ملینیم سے نیپا اور اسی طرح ائر پورٹ سے آنے والے حضرات ڈرگ روڈ سے دائیں جانب راشد منہاس روڈ، ملینیم اور نیپا راستہ اختیار کر سکتے ہیں۔

ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ راشد منہاس روڈ سے اسٹیڈیم براستہ ڈالمیا روڈ عام پبلک کو جانے کی اجازت نہیں ہوگی، نیپا ،عسکری IV، ڈرگ روڈ سے شارع فیصل یا ملینیم ، نیپا سے صفورا یا گلشن چورنگی سے سہراب گوٹھ کا راستہ اختیار کر سکتے ہیں،ٹریفک پولیس کے مطابق نیپا سے پی پی چورنگی تک عام پبلک کو جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |