اولڈ سٹی ایریا بارش کے بعد صورتحال ابتر کچرا سڑکوں پر پھیل گیا

بارش کے بعد پوری سڑک تالاب کا منظر پیش کر رہی ہے اور لوگوں کا اس سڑک سے گزرنا مشکل ہوگیا ہے۔


Staff Reporter April 10, 2013
بلدیاتی اداروں کی نااہلی کے باعث بارش کے بعد شہر کی کچرہ کنڈیاں خطرناک منظر پیش کر رہی ہیں اور مختلف علاقوں میں کچرہ کنڈیوں سے کچرہ باہر نکل کر سڑکوں پر جمع ہوگیا ہے۔ فوٹو : فائل

بارش کے بعد اولڈ سٹی ایریا میں صورتحال ابتر ہوگئی۔

کچرہ کنڈیوں سے کچرہ بہہ کر سڑکوں پر پھیل گیا، رنچھوڑ لائن، ایمپریس مارکیٹ، سندھ سیکریٹریٹ، محمد بن قاسم روڈ، اردو بازار، پاکستان چوک، حقانی چوک، سی آئی اے سینٹر و دیگر علاقوں میں سخت تعفن پھیل رہا ہے۔

جس کے باعث مہلک امراض پھوٹ پڑنے کا خطرہ پیدا ہوگیا، تفصیلات کے مطابق بلدیاتی اداروں کی نااہلی کے باعث بارش کے بعد شہر کی کچرہ کنڈیاں خطرناک منظر پیش کر رہی ہیں اور مختلف علاقوں میں کچرہ کنڈیوں سے کچرہ باہر نکل کر سڑکوں پر جمع ہوگیا ہے، رنچھوڑ لائن میں نارائن پورہ کا علاقہ سب سے زیادہ متاثر ہوا ، اس علاقے کی کچرہ کنڈی گزشتہ کئی ماہ سے بھری پڑی ہے اور کچرہ کنڈی کے باہر کچرے کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں جس کی صفائی کا کام نہیں کیا جارہا، بارش کے بعد اس کچرہ کنڈی سے کچرہ باہر آ کر پوری سڑک پر پھیل گیا ۔



بارش کے بعد پوری سڑک تالاب کا منظر پیش کر رہی ہے اور لوگوں کا اس سڑک سے گزرنا مشکل ہوگیا ہے، علاقے کی مسجد میں نمازیوں کا داخلہ بھی انتہائی مشکل ہوگیا ہے، نارائن پورہ کے مکینوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ بلدیاتی اداروں کو کچرہ کنڈی کی صفائی کیلیے پابند کیاجائے، ایمپریس مارکیٹ کے مختلف حصوں میں واقع کچرہ کنڈیاں جن کی صفائی کئی ہفتوں سے نہیں ہوئی بارش کے بعد ان کچرہ کنڈیوں سے کچرہ بہہ کر سڑکوں اور گلیوں میں پھیل گیا ہے اور لوگوں کا ان کچرہ کنڈیوں کے اطراف سے گزرنا مشکل ہوگیا۔

سندھ سیکریٹریٹ کے عقب میں واقع کچرہ کنڈی کے اطراف کچرے کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں، بارش کے بعد اس کچرے سے سخت تعفن اٹھ رہا ہے، علاقے میں سیوریج کے بڑے نالے کا حصہ بھی کھلا پڑا ہوا ہے،سی آئی اے سینٹر صدر کی کچرہ کنڈی کے اطراف بھی کچرے کے ڈھیرلگے ہوئے ہیں، اس کچرہ کنڈی کے سامنے واقع اسکول و کالج کے طلبہ و طالبات کا اس علاقے سے گزرنا مشکل ہوگیا ، شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ کچرہ کنڈیوں کی صفائی کو یقینی بنایا جائے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں