کشمیریوں پر جاری ظلم و بربریت پر پاکستانی اداکار خاموش

جنت کو انسانیت کیلئے ظلم بنانے والوں ڈرو اپنے انجام سے، سوشل میڈیا صارفین کی ٹوئٹس

کشمیر میں ہونے والے ظلم و بربریت پر سوشل میڈیا صارفین سراپا احتجاج؛ فوٹوفائل

ملک میں ہونے والے ہر انسانیت سوز واقعے پر آواز اٹھانے والے نامور پاکستانی اداکار مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی فوج کی ظلم و بربر یت پر خاموش ہیں۔

گزشتہ روز بھارتی فوج نے مقبوضہ کشمیر میں ظلم و بربریت کی انتہا کرتے ہوئے 17 بے گناہ ومعصوم کشمیریوں کو شہید کرنے کے ساتھ 200 سے زائد افراد کوزخمی کردیا تھا۔ کشمیر میں جاری اس ظلم کے خلاف پورا پاکستان چیخ اٹھا ہے۔ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کے خلاف ٹویٹر صارفین سراپا احتجاج ہیں۔ صارفین کا کہنا ہے کہ وادی میں قابض بھارتی فوج نے ظلم کی حدیں پار کردی ہیں۔ کچھ صارفین نے کہا کہ بھارتی فوج کو ہر بے گناہ کے قتل کی قیمت چکانی پڑے گی،''جنت کو انسانیت کیلئے جہنم بنانے والوں ڈرو اپنے انجام سے۔''جب کہ کچھ صارفین نے کہا یہ کشمیر کیلئے کھڑے ہونے کا وقت ہے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف ہڑتال


مقبوضہ وادی میں جاری ظلم و بربرت پر نامور پاکستانی اداکاراور تجزیہ نگار حمزہ علی عباسی بھی خاموش نہ رہ سکے انہوں نےٹوئٹ کرتے ہوئے نہایت جارحانہ اندازمیں اقوام متحدہ اور اس کی پالیسیوں کو نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیر پر ہونےوالا ظلم اقوام متحدہ کے چہرے پر طمانچہ ہے۔ اس ظلم کے بعد امریکی اور بھارتی حکومت کو دہشتگردی پر لیکچر دیتے ہوئےشرم آنی چاہئیے کہ کون دہشتگرد ہے۔''



تاہم قصور کی ننھی زینب کےساتھ زیادتی اور بہیمانہ قتل پر آواز اٹھانے والے، شام میں جاری خانہ جنگی میں معصوم لوگوں کی ہلاکتوں پر بولنے والے اور پی ایس ایل سمیت ملک میں ہونے والے تمام اہم واقعات پر ٹوئٹ کرنے والے پاکستانی اداکار جن میں ماہرہ خان، ارمینا خان، فہد مصطفیٰ، فیصل قریشی، ہمایوں سعید، شان شاہد سمیت متعدد اداکارشامل ہیں، کشمیر میں جاری بھارتی ظلم کے خلاف خاموش ہیں۔
Load Next Story