فٹبال ڈیولپمنٹ کے لیے نجی سیکٹر کردار ادا کرے فیصل صالح

فرنچائزڈ ماڈل کلاسک لیگ کے انعقاد سے نیا ٹیلنٹ سامنے آئیگا، احمد یار خان


Sports Reporter April 03, 2018
فرنچائزڈ ماڈل کلاسک لیگ کے انعقاد سے نیا ٹیلنٹ سامنے آئیگا، احمد یار خان۔ فوٹو : فائل

فٹبال ڈیولپمنٹ کیلیے آگے آنے والے پرائیویٹ سیکٹر کی بھرپور حوصلہ افزائی کی جائے گی۔

صدر پی ایف ایف سید فیصل صالح حیات کا میڈیا سے بات چیت میں کہنا ہے کہ گزشتہ 3سال میں پاکستان میں فٹبال کی بندش کی وجہ سے کھیل کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے جس کا ازالہ صرف اس صورت ممکن ہے کہ معاشرہ بحیثیت مجموعی اس خوبصورت کھیل کی ترویج و ترقی کے لیے اپنا کردار ادا کرے، خصوصاً کارپوریٹ سیکٹر کو پاکستان میں فٹبال کی ڈیولپمنٹ میں اپنا مثبت کردارار ادا کرنا ہوگا۔

فیصل صالح نے یقین دہانی کروائی کہ پرائیویٹ سیکٹر سے فٹبال کی بہتری کیلیے آگے آنے والے اداروں کو ہر ممکن تکنیکی معاونت فراہم کریں گے، اس ضمن میں انھوں نے کلاسک فٹبال لیگ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پی ایف ایف اس کے کامیاب انعقاد کیلیے مکمل رہنمائی اور ہر ممکن ٹیکنیکل معاونت فرہم کریگی اور کھیل اور کھلاڑیوں کی بہبود کے ہر منصوبے کو سراہے گی۔

جنرل سیکریٹری پی ایف ایف کرنل (ر) احمد یار خان لودھی نے فرنچائزڈ ماڈل کلاسک فٹبال لیگ کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ لیگ نئے ٹیلنٹ کو دریافت کرنے میں پی ایف ایف کی معاون ثابت ہوگی۔

کلاسک فٹبال لیگ کی انتظامیہ کی جانب سے کیے گئے اعلان کے مطابق 2 ہفتے جاری رہنے والی لیگ کا انعقاد اکتوبر میں کراچی میں ہوگا جس میں حصہ لینے کیلیے پاکستان کے ٹاپ آرڈر بین الاقوامی کھلاڑی پہلے ہی رضامندی کا اظہار کرچکے ہیں جبکہ دوسرے مرحلے میں پاکستان کی سطح تک کھیلنے والے کھلاڑیوں کے چنائو کیلیے طریقہ کار کا اعلان جلد متوقع ہے۔

پی ایف ایف کے ڈائریکٹر ٹیکنیکل و چئیرمین سلیکشن کمیٹی برائے کلاسک فٹبال لیگ شہزاد انورکا کہنا تھا کہ کھلاڑیوں کا چنائو مکمل میرٹ کی بنیاد اور شفاف انداز میں کیا جائے گا،

پی ایف ایف کی جانب سے ہیڈ لیگ ڈیولپمنٹ و میڈیا کیلیے خدمات انجام دینے والے شاہد کھوکھرکوکلاسک فٹبال لیگ میں پی ایف ایف کی نمائندگی کے فرائض سونپے گئے ہیں جو بحیثیت ڈائریکٹرکلاسک فٹبال لیگ ایونٹ میں پی ایف ایف اور کلاسک فٹبال لیگ کے مابین موثر رابطے کا کردار ادا کریں گے، ان کا کہنا تھا کہ سی ایف ایل پرائیویٹ سیکٹر میں ہونے والا پہلا ایونٹ ہوگا جس میں فٹبال ڈیولپمنٹ کو مرکزی حیثیت حاصل ہوگی۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں