کم تعدادکے باوجود شائقین کا زبردست جوش وخروش

موبائل فونزکی لائٹس روشن کرنے کوبیحد پذیرائی ملی،24 ہزارافراد اسٹیڈیم پہنچے


Zubair Nazeer Khan April 03, 2018
اہلیان کراچی تیسرے میچ کیلیے کثیر تعداد میں آکر سیریز کو کامیاب بنائیں، رمیز راجا۔ فوٹو: فائل

پاک ویسٹ انڈیز دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں کم تعداد میں ہونے کے باوجود تماشائیوں نے زبردست جوش وخروش کا مظاہرہ کیا۔

پاک ویسٹ انڈیز دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں وی آئی پی انکلوژرز نسیم الغنی اور اقبال قاسم میں 2 ہزار سے زائد تماشائی نظر آئے،پہلے مقابلے میں یہاں بمشکل 5 سو کے قریب افراد موجود تھے، جنرل انکلوژرز سمیت ماجد خان، وسیم باری اور وقار حسن انکلوژرز تماشائیوں سے بھرے ہوئے تھے،وی آئی پی انکلوژرز عمران خان، آصف اقبال اور دیگر میں بمشکل نصف تعداد موجود تھی، مجموعی طور پر ایک اندازے کے مطابق 24 ہزار تماشائیوں نے دوسرا میچ دیکھا۔

تماشائیوں کو داخلے کے لیے7 بجے کے بعد بھی مہلت دے دی گئی تھی جس کی وجہ سے کثیر تعداد میں شائقین کرکٹ اسٹیڈیم پہنچنے میں کامیاب ہوسکے۔

دریں اثنا سابق کپتان اور معروف کمنٹیٹر رمیز راجہ نے کہا ہے کہ کراچی کے شائقین تیسرے ٹی20 انٹرنیشنل میں کثیر تعداد میں نیشنل اسٹیڈیم آکر سیریز کو کامیاب بنائیں۔

نیشنل اسٹیڈیم میں میڈیا سے بات چیت میں رمیز راجہ نے کہاکہ ویسٹ انڈین ٹیم اس نازک وقت میں پاکستان آکر انٹرنیشنل کرکٹ کھیل رہی ہے جسے ہم سب کو سراہنا اور مہمانوںکی زیادہ سے زیادہ حوصلہ افزائی کرنی چاہیے۔

رمیز راجہ نے کہا کہ کراچی کے شائقین کرکٹ نے پہلے اور دوسرے میچ میں اسٹیڈیم آکر دونوں ٹیموں کی حوصلہ افزائی کی جس پر ہمیں بہت خوشی ہے، سیریز کا فیصلہ ہونے کے باوجود شائقین منگل کو تیسرے میچ میں بھی اسٹیڈیم آکر میچ دیکھیں اور دنیا کو ایک بار پھر پیغام دیں کہ پاکستان کھیلوں کے لیے محفوظ ملک ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں