کراچی والوں نے جائلز کلارک کا بھی دل جیت لیا

آئی سی سی ٹاسک فورس کے سربراہ نے عمدہ انتظامات پر تعریفوں کے پل باندھ دیے


Sports Desk April 03, 2018
مثبت رپورٹ خوش آئند ہے،میٹنگ میں ایک ٹاپ ٹیم سے دورے پر بات ہو گی، سیٹھی۔ فوٹو: فائل

کراچی والوں نے جائلز کلارک کا بھی دل جیت لیا۔

آئی سی سی ٹاسک فورس برائے پاکستان کے سربراہ جائلز کلارک نے اپنی رپورٹ میں پی ایس ایل فائنل کے دوران خوشگوار یادوں کا ذکر کرتے ہوئے لکھاکہ کراچی میں سیکیورٹی اداروں، پی سی بی اور میڈیا سب نے مل کر ایک جذبے کے ساتھ کام کیا، بہترین ماحول کی وجہ سے شہر میں آزادانہ گھومتا پھرتا رہا،کھانے کا لطف بھی اٹھایا، انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کیلیے آئی سی سی نے جواقدامات اٹھانے کا فیصلہ کیا تھا،اس کے مثبت اثرات نظر آنے لگے ہیں۔

اس حوالے سے ایک نجی ٹی وی کو انٹرویو میں چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے بتایا کہ جائلز کلارک کی جانب سے آئی سی سی ممبر ملکوں کو تفصیلات سے آگاہ کیے جانے کے بعد کئی بورڈ سربراہان کے فون آئے، موقع غنیمت جانتے ہوئے ایک سے میں نے پاکستان میں میچز کھیلنے کی بات کردی جس پر ان کا کہنا تھا کہ رواں ماہ کے آخر میں کولکتہ میں ہونے والے آئی سی سی اجلاس میں بات چیت کریں گے، میں صرف اتنا بتانا چاہتا ہوں کہ وہ ٹاپ5ٹیسٹ ٹیموں میں سے ایک ہے۔

نجم سیتھی نے کہا کہ حکومت،ایجنسیز اور پی سی بی دنیا میں ملک کا مثبت تاثر اجاگر کرنا چاہتے ہیں، کرکٹ ایک ذریعہ ہے،اس لیے یہاں کھیلنے کیلیے آنے والے کرکٹر یا پیسہ اہم نہیں،وزرا اعلیٰ اور اداروں سمیت سب میں معاونت کی بڑی فضا ہے، لاہور سے بلٹ پروف بسیں لانے کیلیے ایئرفورس نے سی ون 130طیارہ دیدیا، اس سے بڑی کیا بات ہوسکتی ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں