انتخابی عذرداریاں سندھ کے 3 ڈویژن میں 58 اپیلیں دائر

پرویز مشرف نے این اے 250 سے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے پر اپیل دائر نہیں کی،آج اپیلیں دائر کرنے کا آخری دن ہے

عبدالرزاق میمن نے امین فہیم کے خلاف اپیل کردی،5انتخابی عذار داریوں پر نوٹس، کئی امیدواروں نے اپیلیں دائر کردی. فوٹو: فائل

PESHAWAR:
کراچی سمیت سندھ کے 3 ڈویژنز سے مجموعی طور پر58 اپیلیں دائر کردی گئی ہیں۔

پیپلزپارٹی پارلیمنٹرینز کے صدر مخدوم امین فہیم،انکے صاحبزادے اور متبادل امیدوارمخدوم جلیل الزماں، ملک اسد سکندر اور خواجہ سراعبدالعزیز عرف بندیا رانا کی اہلیت سے متعلق بھی انتخابی عذرداریاں دائر کی گئی ہیں جبکہ الیکشن اپیلٹ ٹریبونل نے این اے 251سے جماعت اسلامی کے امیدوار راجا عارف سلطان سمیت5 اپیلوں پر الیکشن کمیشن کو11اور12 اپریل کیلیے نوٹس جاری کردیے ہیں،تفصیلات کے مطابق منگل کو ریٹرننگ افسران کے فیصلوں کے خلاف اپیلیں دائر کرنے کے دوسرے روز سندھ ہائیکورٹ میں اپیلیں دائر کرنے کا سلسلہ جاری رہا۔

تاہم جنرل(ر) پرویز مشرف نے این اے 250سے کاغذات نامزدگی مسترد کیے جانے کے خلاف تاحال اپیل دائر نہیں کی، بدھ کو اپیلیں دائر کرنے کا آخری دن ہے،سندھ ہائیکورٹ میں مجموعی طور پردوسرے روز تک 58 اپیلیں دائر کی گئی ہیں جن میں بعض امید واروں کی جانب سے کاغذات نامزدگی مسترد کیے جانے کے خلاف جبکہ بعض امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منطور کیے جانے کے خلاف مخالف امیدواروں نے اپیلیں دائر کی ہیں،پی ایس 114کراچی شرقی سے کاغذات نامزدگی مستردکیے جانے خلاف خواجہ سراعبدالعزیزعرف بندیارانانے اپیل دائر کی کہ وہ صادق اور امین ہے اس کے تائید و تجویز کنندگان 7اپریل کو رشتے دار کے انتقال پر لاہور چلے گئے تھے اس لیے وہ حاضرنہیں تھے۔




این اے 218 مٹیاری سے عبدالرزاق میمن نے امین فہیم اور صاحبزادے جلیل الزماں کی نامزدگی کو چیلنج کرکے موقف اختیار کیا کہ امین فہیم کے اندرون ملک اور بیرون ملک بینک اکائونٹس اور جائیداد ہے مگر انھوں نے یہ اثاثے ظاہر نہیں کیے اس لیے وہ صادق اور امین نہیں رہے اور انھوں نے یوٹیلٹی بلز بھی منسلک نہیں کیے،این اے131جامشورو سے عبدالرزاق میمن نے پیپلز پارٹی کے ملک اسد سکندر کے نامزدگی کی منظوری کے خلاف ان کی اصل تعلیمی اسناد پیش کی ہیں جن پرنام اسداللہ درج ہے جبکہ شناختی کارڈ اور دیگر دستاویزات پر اصل نام ملک اسد سکندر درج ہے۔

دریں اثنا سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس فیصل عرب کی سربراہی میں تین رکنی اپیلٹ ٹریبونل نے5 امیدواروں کی انتخابی عذرداریوں پر الیکشن کمیشن کو11اور 12اپریل کیلیے نوٹس جاری کردیے ہیں،این اے251 سے جماعت اسلامی کے امیدوار راجاعارف سلطان نے نامزدگی مسترد کرنے کیخلاف اپیل دائر کی ہے،ریٹرننگ افسر نے پراپرٹی ٹیکس کی مکمل معلومات فراہم نہ کرنے پر ان کی نامزدگی مسترد کردی تھی۔

پی ایس110سے تحریک انصاف کے امید وار توفیق علی ہوتی نے بھی کاغذات نامزدگی مسترد کے جانے کے خلاف عذرد داری دائر کی ہے،پی ایس75دادو سے آزاد امیدوار محمد بخش پنہور نے اپیل دائر کی ہے،این ٹی این نمبر نہ ہونے پر ان کی نامزدگی مستر ہوگئی تھی،این اے254 کراچی شرقی سے پاک مسلم الائنس کے امید وار ایس ایم فاروق اور این اے230،پی ایس62، پی ایس63 تھرپارکرسے پیپلز پارٹی کے امیدوار رسول بخش نے بھی کاغذات نامزدگی مستردکیے جانے کے خلاف اپیل دائر کی ہے۔
Load Next Story