ذوالفقارعلی بھٹو کی 39 ویں برسی آج منائی جا رہی ہے

پیپلز پارٹی کے بانی کی برسی کے موقع پربلاول بھٹو، آصف زرداری، مراد علی شاہ سمیت دیگر رہنما خطاب کریں گے

ملک بھر خصوصاً سندھ سے پی پی کے جیالے قافلوں کی شکل میں گڑھی خدا بخش پہنچنا شروع ہوگئے ہیں۔ فوٹو : فائل

SYDNEY:

پیپلزپارٹی کے بانی چیئرمین ذوالفقار علی بھٹو کی 39 ویں برسی آج منائی جا رہی ہے۔


5 جنوری 1928 کو لاڑکانہ میں پیدا ہونے والے ذوالفقار علی بھٹو نے کیلیفورنیا اور آکسفورڈ سے قانون کی تعلیم حاصل کی۔ انہوں نے 30 نومبر 1967 کو پاکستان پیپلز پارٹی کی بنیاد رکھی جو بعد ازاں پاکستان کی سب سے بڑی مقبول ترین سیاسی جماعت بن گئی۔ ذوالفقار علی بھٹو 1971سے 1973تک صدر مملکت اور 1973سے 1977تک وزیراعظم پاکستان رہے۔ ذوالفقار علی بھٹو نے 1973 میں پاکستان کو پہلا متفقہ آئین دیا جبکہ پاکستان کا ایٹمی پروگرام شروع کرنے کا سہرا بھی ان کے سر جاتا ہے۔ ذوالفقار علی بھٹو کی حکومت کا تختہ اس وقت کے جنرل ضیا الحق نے الٹ دیا اور 4 اپریل 1979 کو قتل کے مقدمے میں انہیں پھانسی دے دی گئی۔



شہید ذوالفقار علی بھٹو کی برسی کے موقع پر ان کے ایصال ثواب کیلئے مزار پر قرآن خوانی کا اہتمام کیا گیا ہے، جس میں مقامی رہنما اور کارکنان شرکت کریں گے۔ برسی ميں شرکت کیلئے قافلوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے، اس کے علاوہ پیپلز پارٹی کے قائدین اور مرکزی رہنما نوڈیرو پہنچ چکےہیں۔


لاڑکانہ، نوڈیرو، گڑھی خدا بخش ميں استقبالیہ کیمپ قائم کیے گئے ہیں اور جگہ جگہ رہنماؤں کی بڑی تصاویر اور پارٹی جھنڈے آویزاں ہیں۔ گڑھی خدا بخش اورنوڈیرو میں اہم سیاسی شخصیات کی موجودگی کے باعث سیکیورٹی کےسخت انتظامات کیے گئے ہیں، کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کیلئے گڑھی خدا بخش اوراطراف میں 6 ہزار سے زائد پولیس اہلکاروں کے ساتھ ساتھ ٹریفک اہلکار بھی تعینات ہیں جبکہ بم ڈسپوزل اسکواڈ بھی موجود ہیں۔ مزار کے اندر اور جلسہ گاہ ميں داخل ہونے کیلیے واک تھرو گیٹ قائم کیے گئے ہیں۔



گڑھی خدا بخش میں پیپلز پارٹی بھرپور سیاسی طاقت کا مظاہرہ کرے گی۔ دو پہر کو گڑھی خدا بخش میں بڑا جلسہ کیا جائے گا۔ جلسے سے پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، آصف زرداری، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سمیت دیگر رہنما خطاب کریں گے۔

اپنے پیغامات میں سابق صدر اور پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ شہید بھٹو امید کا منارہ نور تھے اور آنے والے وقتوں میں بھی وہ امید کا منارہ نور رہیں گے۔



دوسری جانب سیکریٹری جنرل سید نیئرحسین بخاری نے کہا ہے کہ قوم دشمنوں کے نام و نشان مٹ گئے مگر بھٹو خاندان آج بھی لوگوں کے دلوں پر راج کرتا ہے، ذوالفقار علی بھٹو آج بھی لوگوں کے دلوں میں زندہ ہیں۔

Load Next Story