یہ سازش ہے نقل مکانی کرنیوالے ہندوؤں کو بھارت جانے سے روک دیا رحمن ملک

بھارت منتقل نہیں ہورہے، یاترا کیلیے جا رہے ہیں، نقل مکانی کا شوشہ چھوڑنے والے سیاست چمکا رہے ہیں، ہندو خاندان


لاہور:اغوا کی وارداتوں سے مبینہ پریشان ہندوخاتون کوبھارت رخصت کرتے ہوئے اس کی رشتے دار رورہی ہے۔ فوٹو ایکسپریس

KARACHI: جیکب آباد سے ہندو خاندان کی نقل مکانی کی خبروں پر متضاد اطلاعات سامنے آئی ہیں، واہگہ کے راستے بھارت جانے ہندوئوں نے اس امر کی تردید کی ہے کہ وہ ملک چھوڑ کر جارہے ہیں جبکہ وزیر داخلہ رحمٰن ملک نے کہا ہے کہ ہندوئوں کی نقل مکانی پاکستان کے خلاف بڑی سازش ہے، جیکب آباد سے نقل مکانی کرنے والے ہندوئوں کو بھارت جانے سے روک دیا گیا ہے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں رحمن ملک نے کہا کہ وزارت داخلہ کی اجازت کے بغیر اقلیتی شہری ملک نہیں چھوڑسکتے۔ بھارتی سفارتخانہ یہ بتائے کہ اس نے250 ویزے کیسے جاری کیے۔معاملے کی مکمل تحقیقات کرائی جائے گی۔ ہم اپنی تسلی کے بعد ہی ہندو خاندانوں کوپاکستان چھوڑنے کی اجازت دے سکتے ہیں۔ پاکستان میں موجوداقلیتوں کومکمل تحفظ فراہم کیا جائے گا۔ رحمٰن ملک نے کہا کہ حکومت اور عدلیہ کے درمیان موجود ڈیڈلاک ختم ہونا چاہیے۔

ہم نے ججوںکوبحال کیا، ان کے خلاف اقدامات کیسے کرسکتے ہیں۔ چوہدری نثارکو اگر عمران خان کے سوالات بْرے لگتے ہیں تو وہ انھیں عدالت میں لے کرجائیں، وہ ہرچیز میرے کھاتے میں نہ ڈالیں۔ دوسری طرف وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ نے بھی سندھ سے مبینہ بدامنی کے باعث ہندوخاندانوں کی بھارت نقل مکانی کی خبروںکانوٹس لیتے ہوئے ہندو صوبائی وزیر مکیش چاولہ کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دیدی ہے جو24 گھنٹے میں جیکب آباد پہنچ کر اقلیتی برادری سے ملاقات اوران کے مسائل معلوم کرے گی۔ کمیٹی3 روزکے اندر اپنی رپورٹ وزیراعلیٰ کوپیش کرے گی۔

ادھر ایک ٹی وی رپورٹ میں دعویٰ کیاگیاہے کہ سندھ میں اغوأ برائے تاوان کی مبینہ وارداتوں سے تنگ آکر نقل مکانی کرنے والے4ہندو خاندان واہگہ بارڈر کے ذریعے آنکھوں میں آنسو لئے بھارت چلے گئے، اس موقع پر رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے۔ ہندوبرادری کا کہنا تھا وہ جان کے تحفظ کیلیے گھروں کو چھوڑنے پر مجبور ہوئے۔ بھارت جانے والے ہندو خاندانوں کے صرف6 افراد جعفر ایکسپریس کے ذریعے جیکب آباد سے لاہور سٹیشن پہنچے۔

تاہم اس موقع پر میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے ہندو افراد کا کہنا تھاکہ وہ پاکستان چھوڑ کر نہیں جارہے بلکہ بھارت میں مقدس مقامات کی زیارت کیلئے جارہے ہیں جہاں سے جلد واپس لوٹ آئیں گے، انہوں نے کہا کہ پاکستان سے ہجرت کرنے کا شوشہ چھوڑنے والے اپنی سیاست چمکا رہے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں