کامن ویلتھ گیمز قومی ہاکی ٹیم نے تیاریوں کو حتمی شکل دے دی

ویلز کیخلاف افتتاحی میچ کیلیے حکمت عملی تیار، ٹیم مینجمنٹ کی جارحانہ انداز اپنانے کی ہدایت، 7 اپریل کو بھارت سے ٹاکرا


ویلز کیخلاف افتتاحی میچ کیلیے حکمت عملی تیار، ٹیم مینجمنٹ کی جارحانہ انداز اپنانے کی ہدایت، 7 اپریل کو بھارت سے ٹاکرا۔ فوٹو: فائل

قومی ہاکی ٹیم نے کامن ویلتھ گیمز کے افتتاحی میچ کے لیے تیاریوں کو حتمی شکل دے دی۔

پاکستان ہاکی ٹیم کی کامن ویلتھ گیمز میں تیاریوں کا امتحان شروع ہونے والا ہے، پاکستانی شائقین کی زیادہ دلچسپی تو گرین شرٹس کی بھارت کے ساتھ 7 اپریل کو ہونے والے میچ سے ہے لیکن اس بڑے مقابلے سے قبل پاکستان کو ویلز ٹیم کا چیلنج درپیش ہوگا۔

میگا ایونٹ میں محمد رضوان سینئر ٹیم کی قیادت کریں گے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں عمران بٹ، مظہر عباس، محمد عرفان سینئر، تعظیم الحسن، مبشر علی، فیصل قادر، عماد شکیل بٹ (نائب کپتان)، توثیق ارشد، تصور عباس، ابوبکر محمود، محمد عرفان جونیئر، شفقت رسول، دلبر، عتیق ارشد، علی شان، ارسلان قادر اور رانا سہیل جبکہ ٹیم آفیشلز میں راولنٹ اولٹمنز ہیڈ کوچ، حسن سردار ٹیم منیجر، محمد ثقلین، ریحان بٹ شامل ہیں۔

ذرائع کے مطابق پاکستان نے کامن ویلتھ گیمز کے لیے اپنی تیاریاں مکمل کر لیں، گزشتہ روز بھی کھلاڑیوں نے اسٹیڈیم میں بھر پور پریکٹس کی، پہلے سیشن میں کھلاڑیوں کو خصوصی مشقیں کروانے کے بعد پریکٹس میچ بھی کھلایا گیا، شام کے سیشن میں پلیئرز نے جم ٹریننگ کی۔

مزید معلوم ہوا ہے کہ ٹیم میٹنگ میں کھلاڑیوں کو حریف سائیڈ کی خوبیو اور خامیوں کے بارے میں بتایا دیا گیا ہے، غیر ملکی قومی کوچ رولینٹ اولٹمنز کی طرف سے کھلاڑیوں کو میچ کے دوران جارحانہ انداز اپنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

یاد رہے کہ میگا ایونٹ میں شریک ٹیموں کو 2 گروپس اے اور بی میں تقسیم کیا گیا ہے۔ پول اے میں آسٹریلیا، نیوزی لینڈ،کینیڈا، جنوبی افریقہ اور اسکاٹ لینڈ جبکہ پول بی میں پاکستان کے ساتھ روایتی حریف بھارت، انگلینڈ، ملائیشیا اور ویلز کو شامل کیا گیا ہے۔

کامن ویلتھ گیمز کے شیڈول کے مطابق 5 اپریل کومینز ایونٹ کے افتتاحی روز 2 میچز کھیلے جائیں گے۔ پاکستان کو ویلزجبکہ جنوبی افریقہ کو سکاٹ لینڈ کا چیلنج درپیش ہوگا۔ 6 اپریل کو انگلینڈ کا مقابلہ ملائیشیا اور نیوزی لینڈ کا سامنا کینیڈا سے ہو گا۔ 7 اپریل کو پاکستانی ٹیم روایتی حریف بھارت کیخلاف میدان سنبھالے گی۔

ملائیشیا کا مقابلہ ویلز، کینیڈا کا ٹاکرا اسکاٹ لینڈ جبکہ آسٹریلیا کا سامنا جنوبی افریقہ سے ہوگا، 8 اپریل کو پاکستانی ٹیم اپنے تیسرے گروپ میچ میں انگلینڈ جبکہ 11 اپریل کو اپنا چوتھا اور آخری گروپ میچ ملائیشیا کیخلاف کھیلے گی۔13 اپریل کو سیمی فائنلز جبکہ دو ٹاپ ٹیموں کے درمیان فائنل 14 اپریل کو کھیلا جائیگا۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں