ٹی 20 سیریز میں بابر اعظم نے سب کو پیچھے چھوڑ دیا

165رنز کے ساتھ سرفہرست، عامر اور شاداب نے 5،5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا

165رنز کے ساتھ سرفہرست، عامر اور شاداب نے 5،5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ فوٹو: اے ایف پی

ویسٹ انڈیزکیخلاف ٹی ٹوئنٹی سیریزمیں بابر اعظم نے سب کو پیچھے چھوڑ دیا، انھوں نے 165رنز بنائے۔

بابر اعظم سیریز کے کامیاب ترین بیٹسمین رہے، انھوں نے 82.50 کی اوسط سے 165 رنز بنائے، نوجوان بیٹسمین نے سب سے بڑی انفرادی اننگز97 ناٹ آؤٹ بھی کھیلی، حسین طلعت 135 رنز کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے،ان کا سب سے بڑا اسکور63 رہا، فخر زمان 85 رنز کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہے تاہم وہ کوئی ففٹی اسکور نہ کر سکے۔

شعیب ملک 54 رنز چوتھے نمبر پر رہے،ان کا اسٹرائیک ریٹ 257.14 سب سے زیادہ تھا، آصف علی 40اور سرفراز احمد 38 رنز کے ساتھ دیگر نمایاں اسکورر رہے۔


ٹاپ آرڈر کی بہترین کارکردگی کی وجہ سے فہیم اشرف کو صرف ایک اننگز میں بیٹنگ کا موقع مل سکا، وہ 16 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے، حسن علی ، محمد عامر، محمد نواز، شاداب خان، شاہین شاہ آفریدی اور عثمان خان شنواری کو بیٹ اٹھا کر کریز پر آنے کی ضرورت ہی نہیں پڑی۔

محمد عامر 2 مقابلوں میں5 وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب بولر رہے، شاداب خان نے بھی اتنے ہی شکار کیے لیکن انھوں نے تینوں میچز کھیلے، محمد نواز4، حسین طلعت 3، شعیب ملک اور حسن علی 2,2 جبکہ فہیم اشرف اور عثمان شنواری ایک ایک وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔

 
Load Next Story