سی پیک پر کام کرنے والے چینی انجینئرز کا پولیس اہلکاروں پر تشدد

بغیر سیکورٹی کیمپ سے باہر جانے پر پولیس نے روکا تو چینی بانشدوں نے پولیس افسر کو تھپڑ اور کرسی دے ماری

چینی باشندوں نے پولیس افسروں کو تھپڑ اور کرسی دے ماری فوٹو : اسکرین گریب

TAIPEI:
سی پیک پر کام کرنے والے چینی انجینئرز نے پولیس اہلکاروں کو تشدد کا نشانہ بنایا۔

کبیروالہ میں پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) میں شامل ایم فور موٹروے نور پورسائٹ پر چینی باشندے اپنی سیکیورٹی پر مامور پولیس سے الجھ پڑے ۔ چینی شہریوں نے بغیر سیکورٹی کیمپ سے باہر جانے کی کوشش کی تو پولیس نے ان کی حفاظت کے پہلو سے انہیں روکا۔ اس پر چینی باشندے برہم ہوگئے اور پولیس اہلکاروں کو تشدد کا نشانہ بنایا۔

چینی انجینئرز نے پولیس اہلکاروں کو تھپڑ مارے اور دھکے دیے جب کہ پراجیکٹ انجینئر ڈینی نے پولیس اسکواڈ کے انچارج لطیف کو کرسی اٹھا کر ماردی، نیز ایک چینی باشندہ پولیس موبائل پر چڑھ کر کھڑا ہوگیا۔ چینی ملازمین نے اشتعال انگیزی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پولیس کیمپ کی بجلی بھی کاٹ دی۔


پولیس نے صورتحال کو کنٹرول کرنے کے لیے چینی شہریوں کو کیمپ میں بند کرکے باہر سے تالے لگادیئے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی اسسٹنٹ کمشنر کبیروالہ اور ڈی ایس پی موقع پر پہنچ گئے اور بات چیت کرکے معاملے کو حل کرنے کی کوشش کی۔ تاہم چینی ملازمین نے مذاکرات سے انکار کردیا اور حالات بدستور کشیدہ ہیں۔

واضح رہے کہ غیرملکی انجینئرز فیصل آباد ملتان موٹروے پراجیکٹ پر کام کررہے ہیں۔

Load Next Story