ایازامیر فیصل صالح حیات اورعابد امام کو الیکشن لڑنے کی اجازت دیدی گئی

فیصل صالح حیات پر پانی چوری،عابد امام پر بینک نادہندگی،ایازامیر پرنظریہ پاکستان کیخلاف لکھنےپراعتراضات داخل کئےگئے تھے


ویب ڈیسک April 10, 2013
فیصل صالح حیات پر پانی چوری،عابد امام پر بینک نادہندگی،ایازامیر پرنظریہ پاکستان کیخلاف لکھنےپراعتراضات داخل کئےگئے تھے

الیکشن ٹربیونل نے ریٹرننگ افسران کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے ایازامیر،فیصل صالح حیات اور عابد حسین امام کو انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت دے دی ہے۔

لاہورہائی کورٹ ملتان بنچ کے جسٹس عباد الرحمان لودھی اور جسٹس اعجاز احمد پر مشتمل الیکشن ٹریبونل نے فیصل صالح حیات اور عابد حسین امام کے جانب سے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے خلاف درخواستوں کی سماعت کی، سماعت کے دوران عابد حسین امام کے وکیل نے بینک کو واجب الادا قرض کی ادائیگی کے چیکس کی کاپی اور بینک کی دستاویزات عدالت میں پیش کیں جبکہ فیصل صالح حیات کے وکلا نے ان کے خلاف دائر مقدمے کے خلاف دلائل دیئے۔ الیکشن ٹریبونل نے دونوں امیدواروں کے وکلا کے دلائل سننے کے بعد انہیں انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت دے دی۔

دوسری جانب الیکشن ٹریبونل نے ایاز امیر کےحلقہ این اے 60 چکوال سے کاغذات نامزدگی پر اعتراضات مستردکرتے ہوئے انہیں بھی الیکشن میں حصہ لینے کی اجازت دے دی۔

واضح رہے کہ فیصل صالح حیات کے خلاف پانی چوری کے مقدمے اور عابد حسین امام کی بینک نادہندگی کے باعث ریٹرننگ افسر نے این اے 87 جھنگ سے دونوں کے کاغذات نامزدگی مسترد کردیئے تھے جب کہ ایازامیرکے کاغذات نامزدگی پر اعتراض داخل کیا گیا تھا کہ انہوں نے اپنے ایک کالم میں نظریہ پاکستان کے خلاف لکھا تھا جس پر ان کے بھی کاغذات نامزدگی مسترد کردیئے گئے تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں