پاکستان کشمیریوں کی جدوجہد کی حمایت جاری رکھے گا قومی سلامتی کمیٹی

پاکستان امن اوراستحکام کیلیے ہرممکن کردار ادا کرتا رہے گا، وزیراعظم کی زیرصدارت اجلاس میں فیصلہ


ویب ڈیسک April 04, 2018
اجلاس میں مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال پر غورکیا گیا ۔ فوٹو : پی پی آئی

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ پاکستان کشمیریوں کی جدوجہد کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں وزیر خارجہ خواجہ آصف، وزیرداخلہ احسن اقبال، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، تینوں مسلح افواج کے سربراہان اور نیشنل سیکیورٹی ایڈوائزر ناصر جنجوعہ نے بھی شرکت کی۔

قومی سلامتی کمیٹی کے اعلامیے کے مطابق کمیٹی نے مقبوضہ کشمیرمیں قابض بھارتی افواج کی بربریت کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی فوج کا مقبوضہ کشمیر میں مظاہرین کے خلاف پیلٹ گنز کے استعمال کا غیر انسانی سلوک جاری ہے، بھارتی حکومت خالصتاً مقامی طور پر اٹھنے والی آواز کے خلاف ایک بار پھر پراپیگنڈا کررہی ہے۔

اعلامیے کے مطابق بھارتی فوج کے ہاتھوں 20 بے گناہ شہری شہید ہوئے اور خواتین و بچوں سمیت سینکڑوں زخمی بھی ہوئے ہیں جب کہ قابض فوج نے مظاہرین اور جنازہ کے اجتماعات کے خلاف بھی طاقت کا استعمال کیا۔ کمیٹی نے جبر اور طاقت کے استعمال کے باوجود کشمیریوں کے غیر معمولی بلند حوصلے کو سراہا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پاکستان کشمیریوں کی جدوجہد کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا، پاکستان امن اوراستحکام کیلیے ہرممکن کردار ادا کرتا رہے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں