زائد اثاثوں پر نیب کا امیر مقام مولوی امیر زمان کیخلاف تحقیقات کا فیصلہ

ایم پی اے مالک کاکڑ اور ضلع ناظم پشاور کی خلاف شکایات کی بھی جانچ پڑتال کی جائے گی

ایم پی اے مالک کاکڑ اور ضلع ناظم پشاور کی خلاف شکایات کی بھی جانچ پڑتال کی جائے گی۔ فوٹو : فائل

نیب نے ارکان قومی اسمبلی امیر مقام مولوی امیر زمان، رکن بلوچستان اسمبلی عبدالمالک کاکڑ اور ضلع ناظم پشاور عاصم خان کے خلاف مبینہ بدعنوانی کی شکایات پر تحقیقات کا حکم دیدیا۔

چیئرمین نیب جسٹس (ر)جاوید اقبال کی زیرصدارت نیب ہیڈکوارٹرز میں اجلاس ہوا جس میں ڈی جی نیب خیبرپختونخوا کو ن لیگ کے رہنما امیر مقام کے خلاف آمدن سے زائداثاثے بنانے کے مبینہ الزام میں شکایت کی جانچ پڑتال کا حکم دیا گیا جبکہ ڈی جی نیب بلوچستان کو رکن قومی اسمبلی مولوی امیر زمان، ایم پی اے عبدالمالک کاکڑ کے خلاف سرکاری ترقیاتی فنڈ میں خوردبرد اور آمدن سے زائد اثاثے بنانے کے مبینہ الزام کی جانچ پڑتال کا حکم دیا گیا۔

اسی طرح ضلع ناظم پشاور محمد عاصم خان کے خلاف سرکاری فنڈ کے غیر قانونی استعمال اور قانونی تقاضے پورے کیے بغیر ملازمین میں اعزازیہ تقسیم کرنے کے الزام کی جانچ پڑتال کا حکم دیا گیا۔


دریں اثنا نیب انٹیلی جنس ونگ نے ایک نوسرباز جمیل احمد کو گرفتار کر لیا، ملزم نیب کا ڈائریکٹر بن کر نہ صرف شہریوں کو بلیک میل کرتا تھا بلکہ مقدمات ختم کرانے کے بدلے بھاری رقوم کا تقاضا کرتا تھا۔ ملزم نے اپنے جرم کا اعتراف کر لیاجس پر اس کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔

دریں اثنا نیب راولپنڈی نے سابق ڈسٹرکٹ آفیسر کوآپریٹو راولپنڈی امداد حسین چغتائی، سابق ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسر کوآپریٹو راولپنڈی محمد حفیظ، سابق ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسر کوآپریٹو راولپنڈی محمد اشفاق، سوسائٹی کے سابق صدر محمد رمضان، سوسائٹی کے سابق سیکریٹری عامر ریاض راجا، سابق نائب صدر چوہدری آصف ارشاد، ایگزیکٹو ممبر رانا عبدالشکور، سابق ٹیکنیکل ممبر عمران احمد خان، سابق آفس ممبر رانا دلنواز، سابق سیکریٹری خزانہ ملک معید الیاس کے خلاف احتساب عدالت اسلام آباد میں بدعنوانی کا ریفرنس دائر کردیا۔

پاک پی ڈبلیو ڈی ایمپلائز کوآپریٹو سوسائٹی اسلام آباد نے اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے رہائشی پلاٹوں کو کمرشل پلاٹوں میں تبدیل کیا، 2 ملزمان نیب حکام کی تحویل میں ہیں۔ ڈی جی نیب راولپنڈی عرفان نعیم منگی نے کہاہے کہ شہری دھوکا دہی سے بچنے کیلیے ایسی کسی سوسائٹی میں سرمایہ کاری سے پہلے چھان بین کرلیں۔

 
Load Next Story