مادھوری اب فن گلوکاری میں بھی اپنے آپ کو منوانے کے لئے تیار

گانے میں مادھوری کے ساتھ ان کی والدہ نے بھی ساتھ دیا جو ایک اچھی گائیکا کی حیثیت سے مشہور ہیں


ویب ڈیسک April 10, 2013
گانے میں مادھوری کے ساتھ ان کی والدہ نے بھی ساتھ دیا جو ایک اچھی گائیکا کی حیثیت سے مشہور ہیں۔ فوٹو: فائل

مادھوری ڈکشٹ نے اپنی نئی آنے والی فلم ''گلاب گینگ'' میں اداکاری کے ساتھ ساتھ ایک گانا بھی گا یا ہے اب دیکھتے ہیں کہ دھک دھک گرل کا آواز کا جادو سرچڑھ کر بولتا ہے یا نہیں۔

گلاب گینگ کے پروڈیوسر انوبھو سنھا نے کہا کہ یہ بات چند لوگوں کے ہی علم میں ہے کہ مادھوری ڈکشٹ اداکاری اورڈانس میں مہارت رکھنے کے ساتھ ساتھ اچھا گاتی بھی ہیں، ان کا کہنا تھا کہ ہمارے لئے یہ اعزاز کی بات ہے کہ انہوں نے اس فلم کے لئے گانا گایا۔

فلم کے لئے مادھوری نے جو گانا گایا ہے اس میں ان کی والدہ نے بھی اپنی آواز کا جادو جگایا ہے جو ایک اچھی گائیکا کی حیثیت سے جانی جاتی ہیں، گانے کی ریکارڈنگ کے دن مادھوری جب اپنی والدہ کے ہمراہ اسٹوڈیو آئیں تو فلم کے ہدایت کار سومک سین نے گانے میں ان کی والدہ کی آواز کو بھی شامل کرنے کا سوچا جس کے لئے سومک سین نے گانے کے بول میں کچھ تبدیلیاں کروائیں اور پھر مادھوری کی والدہ سے گانا گانے کی درخواست کی جسے وہ رد نہ کر سکیں۔

مادھوری سے قبل بالی ووڈ کے کئی اداکار اوراکارائیں اپنی فلموں میں گانا گا چکے ہیں جن میں بگ بی، سری دیوی،عامر خان، اکشے کمار، رنبیر کپور اور رنویر سنگھ شامل ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں