امریکا چین سے تجارتی جنگ برسوں پہلے ہار چکا ڈونلڈ ٹرمپ

جنگ امریکا کی نمائندگی کرنے والے احمق اور نااہل لوگوں کی وجہ سے ہارے، امریکی صدر


News Agencies April 06, 2018
2 بڑی معیشتوں کے باہمی تجارتی روابط میں تنائو امریکا چین کے ساتھ تجارتی خسارہ جاری رکھنے کا متحمل نہیں ہو سکتا، ڈونلڈ ٹرمپ۔ فوٹو: سوشل میڈیا

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ چین کے ساتھ کوئی تجارتی جنگ نہیں، یہ جنگ تو ہم برسوں پہلے امریکا کی نمائندگی کرنے والے احمق اور نااہل لوگوں کی وجہ سے ہار چکے ہیں۔

امریکی صدر نے اپنے ٹویٹر پیغام میں لکھا کہ چین کے ساتھ ہماری کوئی تجارتی جنگ نہیں ہے، یہ جنگ تو ہم برسوں پہلے امریکا کی نمائندگی کرنے والے احمق اور نااہل لوگوں کی وجہ سے ہار چکے ہیں، ٹرمپ نے مزید کہا کہ امریکا چین کے ساتھ تجارتی خسارہ جاری رکھنے کا متحمل نہیں ہو سکتا۔

صدرٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکا کو سالانہ 500 ارب ڈالر کے تجارتی خسارے کا سامنا ہے، املاک دانش چوری سے بھی مزید 300 ارب کا نقصان ہو رہا ہے، ہم یہ سب جاری نہیں رہنے دے سکتے۔

امریکی صدر کی ٹویٹ چین کی جانب سے امریکی مصنوعات کی درآمد پر ٹیکس کی شرح میں اضافے کا عندیہ دیے جانے اور ان مصنوعات کی فہرست جاری کرنے کے اگلے روز سامنے آئی ہے۔

واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں امریکا اور چین کی جانب سے ایسے اقدامات کیے گئے ہیں جن سے 2 بڑی معیشتوں کے باہمی تجارتی روابط میں تنائو کی نشاندہی ہوتی ہے، پہلے امریکا نے چینی مصنوعات پر 25 فیصد تک ٹیکس عائد کرنے کا اعلان کیا تھا، اس کے جواب میں چین نے بھی امریکی مصنوعات پر اسی شرح سے ٹیکس بڑھانے کا اعلان کر دیا اورایک روز بعد 106 اشیا کی فہرست بھی جاری کر دی تھی جن پر اضافی ٹیکس عائد کیا جائے گا۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں