سعودی عرب کی جیل میں قید پاکستانی بزرگ شہری رہا

بزرگ شہری ندیم کراچی اپنے گھر پہنچ گئے، شاندار استقبال، پتیاں نچھاور، مٹھائیاں تقسیم


Staff Reporter April 06, 2018
جیل میں قید پشاورکے رہائشی شخص نے ندیم کی وڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر وائرل کی تھی۔ فوٹو: فائل

ایکسپریس نیوز کی کوششیں رنگ لے آئیں، سعودی عرب کی جیل میں قید پاکستانی بزرگ شہری رہائی ملنے کے بعد اپنے گھر پہنچ گئے۔

سعودی عرب کے شہر ریاض کی جیل میں قید پاکستان بزرگ شہری محمد ندیم رہائی ملنے کے بعد جمعرات کو نجی ایئر لائن کے ذریعے کراچی ایئر پورٹ پہنچے، جہاں ان کے بھائی اور دیگر اہلخانہ موجود تھے جس کے ہمراہ وہ کورنگی نمبر 6 میں واقع اپنے گھر پہنچے تو ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔

شہری محمد ندیم کے اہلخانہ اپنے جذبات پر قابو نہ رکھے سکے اور خوشی میں ان کی آنکھیں چھلک پڑیں، محمد ندیم کے گھر آنے کی خبر ملنے کے بعد ملنے والوں کا تانتا بندھ گیا، اس موقع پر بزرگ شہری نے بتایا کہ 35 سالوں سے سعودی عرب میں مقیم میں اور نجی کمپنی کے بند ہونے کے بعد انھوں نے ایک مسجد میں موذن کی ملازمت شروع کر دی تھی، گزشتہ دنوں وہ ایک شہر سے دوسرے شہر جا رہے تھے کہ اقامہ نہ ہونے پر پولیس نے انھیں گرفتارکر لیا تھا۔

انھوں نے بتایا کہ جیل میں قید پشاورکے رہائشی شخص نے ان کی وڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر وائرل کی اور اس شخص کی وجہ سے وہ آج اپنے ملک اور اپنے گھر میں بیٹھے ہوئے ہیں، میں اس پشاور کے رہائشی شخص کا بھر پور شکریہ ادا کرتا ہوں، کئی سالوں کے بعد اپنے گھر آنے سے انھیں بہت خوشی محسوس ہو رہی ہے۔

شہری محمد ندیم کی والدہ کاکہنا تھا کہ انھوں نے اپنے بیٹے کی رہائی اور وطن واپسی کیلیے بہت دعائیں کیں اورآج اللہ نے ان کی دعائیں قبول کر لیں اور ان کے بیٹے کو ان کے پاس بھیج دیا اوروہ اللہ تعالیٰ کی بہت شکر گزار ہیں۔

بزرگ شہری کے بھائی محمد وسیم نے آرمی چیف قمر جاوید باجوہ، تمام متعلقہ اداروں، ایس ایس پی کورنگی ذوالفقار مہر اور ایکپسریس نیوز کا خصوصی شکریہ ادا کیا ہے، ان کا کہنا تھا کہ ان کے بھائی کی رہائی اور وطن واپسی میں سوشل میڈیا اور الیکٹرونک میڈیا نے کلیدی کردار ادا کیا ہے، انھوں نے بتایاکہ وہ بہت خوش ہیں اور اپنی خوشیوں میں تمام لوگوں کو شامل کرنا چاہتے ہیں۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں