سندھ گیمز کے انتظامات حتمی مراحل میں داخل

19اپریل سے شیڈول مقابلوں میں6ڈویژن کے مرد و خواتین پلیئرز حصہ لیں گے۔


Sports Reporter April 06, 2018
آرگنائزنگ کمیٹیوں کے سیکریٹریز کا اجلاس۔ فوٹو : اے پی پی

17ویں سندھ گیمز 2018 کے انعقاد کے سلسلے میں انتظامات کو حتمی شکل دینے کا عمل جاری ہے۔

گزشتہ روز کو گیمز میں شامل کھیلوں کی آرگنائزنگ کمیٹیوں کے سیکریٹریز کا اجلاس سندھ بوائے اسکائوٹ ایسوسی ایشن کے ہیڈ کورٹرز کے آڈیٹوریم میں منعقد ہوا، اجلاس کی صدارت ڈائریکٹر اسپورٹس شہزاد پرویز بھٹی نے کی۔

اس موقع پر سندھ اولمپک ایسوسی ایشن کے سیکریٹری احمد علی راجپوت اور سینئر نائب صدر انجینئر محفوظ الحق، خالد رحمانی اور مخدوم ارشاد سمیت دیگر بھی موجود تھے، اجلاس میں گیمز کو شایان شان طور پر منعقد کرانے کے لیے متعلقہ کھیلوں کے ذمے داران کو ہدایت کی گئی کہ وہ اپنے قواعد و ضوابط کو مکمل طور پر تیار حالت میں رکھیں جبکہ ان گیمز کو اولمپک چارٹر کی روح کے مطابق منعقد کرانے کے لیے قوانین پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے۔

5 برس کے طویل تعطل کے بعد ہونے والے ان روایتی کھیلوں میں صوبے کے تمام 6 ڈویژن کے مرد و خواتین کھلاڑی اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے، ان میں کراچی، حیدرآباد، میر پور خاص، سکھر ، لاڑکانہ اور میرپور خاص شامل ہیں، سندھ اولمپک ایسوسی ایشن کی معاونت سے ہونے والے یہ 4 روزہ گیمز 19 سے 22 اپریل منعقد ہوں گے، افتتاحی اور اختتامی تقریب سہ پہر تین بجے پی ایس بی کوچنگ سینٹر پر طے ہے۔

ان گیمز میں مردوں کے 29 کھیل شامل کیے گئے ہیں جبکہ خواتین 17 کھیل گیمز ایونٹ کا حصہ بنائے گئے ہیں، سندھ گیمز میں مجموعی طور پر 3001 مرد و خواتین کھلاڑی، ٹیم آفیشلز اور ٹیکنیکل آفیشلز شریک ہوں گے۔

دریں اثنا وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے گیمز کو بہترین انداز میں منعقد کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبائی حکومت اور انتظامیہ گیمز کو کامیاب بنانے کے لیے ہر ممکن تعاون کرے گی جبکہ مقابلوں میں شرکت کے لیے آنے والے کھلاڑیوں اور آفیشلز کی حفاظت کے لیے سیکیورٹی کے بھرپور انتظامات کیے جائیں گے۔

سندھ گیمز کے لیے15وینیوز کا انتخاب کیا گیا ہے، ہر وینیوز پر علیحدہ سے ایک ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو اپنے اپنے وینیو پر تمام معاملات کو دیکھے گی اور کھلاڑیوں کو ہر سہولت فراہم کرے گی۔

سندھ گیمز کے ہر وینیو پر کمشنر کراچی، کراچی پولیس اور سندھ اسپورٹس بورڈ کا ایک ایک نمائندہ موجود ہوگا، ہر وینیو پر50 اسکائوٹس پر مشتمل دستہ تعینات ہوگا، کھلاڑیوں کی سیکیورٹی کراچی پولیس کے ذمہ ہوگی، ادھر سندھ کے سیکریٹری اسپورٹس نیاز عباسی نے کہا کہ سندھ گیمزمیں شفافیت کو برقرار رکھا جارہا ہے۔

ڈویژن کی سطح پر مختلف کھیلوں کی ٹیمیں منتخب کرنے کے سلسلے میں منعقد ہونے والے ٹرائلز کے اخراجات کی مد میں حیدرآباد، میرپورخاص، لاڑکانہ، سکھر، بینظیرآباد اور میزبان کراچی کے ڈویژنل کمشنرز کوچیکس جاری کیے گئے، میگا ایونٹ میں شریک کھلاڑیوں اور آفیشلز کو رہائش، ٹرانسپورٹ، سیکیورٹی، سمیت دیگر تمام ترسہولیات کی فراہمی کیلیے اقدامات کو حتمی شکل دیدی گئی ہے۔

کھیلوں کے سامان اور کھلاڑیوں کیلیے ٹریک سوٹس اورپلیئنگ کٹس کی خریداری کیلیے ٹینڈرز کااجرا پہلے ہی کردیا گیا ہے، سندھ گیمز کے میسکوٹ کی رونمائی کے بعد شہر کے اہم مقامات اور چوراہوں پر ڈسپلے کیا جائے گا۔

ڈاکٹر نیاز عباسی کا مزید کہنا تھا کہ گیمز کی افتتاحی و اختتامی تقریب کوکامیاب بنانے اورکھیلوں کے وینیوز پر ایونٹ کے آغاز سے قبل تمام ضروری سامان کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلیے وینیوز کمیٹیزکے کنوینیئرز اور کھیلوں کی متعلقہ ایسوسی ایشنز کے نمائندوں کاکردار کلیدی ہے جس کیلیے ٹیم ورک اورکوآرڈینیشن قائم رکھنا ضروری ہے۔

اس موقع پر داکٹر نیازعباسی نے کھیلوں کے وینیوز کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ پی ایس بی کوچنگ سینٹر پر افتتاحی و اختتامی تقریب کے علاوہ ایتھلیٹکس،کوڈی کوڈی اور شوٹنگ بال کے ایونٹس منعقد کیے جائیں گے جس کے کنوینیئر ڈائریکٹراسپورٹس شہزاد پرویز بھٹی ہوں گے۔

این ای ڈی یونیورسٹی میں ہونے والے جوڈو، سافٹ بال، تائیکوانڈو، اسکواش جوجسٹو اور باسکٹ بال کے کنوینیئر پروفیسر وسیع الدین ہوں گے، کے پی ٹی بینظیر شہید اسپورٹس کمپلیکس میں مینز فٹبال اور والی بال کے ایونٹس کے کنوینیئر غلام محمد خان ہوں گے، کے ایم سی فٹبال اسٹیڈیم میں ویمنز فٹبال کا انعقاد کیا جائے گا، سعدیہ شیخ کنوینیئرہوں گی، مزارقائد تا اسٹیل ٹائون تک ہونے والی سائیکل ریس کے کنوینیئر محمد فاروق خان ہوں گے۔

ملاکھڑا اور ونجھ وٹی کے مقابلے میمن گوٹھ میں کرائے جائیں گے، اس کے کنوینیئر محمد کلہوڑو ہوں گے، ایس ایس بی اسپورٹس کمپلیکس ناظم آباد پر بیڈمنٹن، باڈی بلڈنگ،جمناسٹک اور ٹیبل ٹینس کے ایونٹس کے کنوینیئر رازق ربانی ہوں گے، ٹی ایم سی گرائونڈ پر ٹی ٹوئنٹی ایونٹ کے کنوینیئر عظیم الشان ہوں گے، منی اسپورٹس کمپلیکس ناظم آباد میں ہونے والے نیٹ بال اور تھروبال ایونٹ میں سیّد انجم زیدی کنوینیئرکے فرائض انجام دیں گے۔

عبدالستار ایدھی کلب آف پاکستان پر مردوں کے ہاکی ایونٹ کے کنوینئیر سیّدحسین شاہ ہوں گے جبکہ ویمنزہاکی کے انچارج اولمپئن اصلاح الدین صدیقی ہوں گے، کسٹمزکلب فیڈرل بی ایریا میں چیس، سیپک ٹاکرا، ویٹ لفٹنگ، ریسلنگ اور ووشوکے ایونٹ مین میجر (ر) محمود کنوینیئر ہوں گے، کراچی جیمخانہ میں ٹینس ایونٹ کے کنوینیئر عبدالحمید راجپوت جبکہ ککری گرائونڈ میں باکسنگ اور کراٹے ایونٹس میں فاروق خان کنوینیئرہوں گے۔

دوسری جانب صوبائی اولمپک ایسوسی ایشن کے سیکریٹری احمد علی راجپوت کا کہنا ہے کہ سندھ گیمز کے انعقاد میں ایس او اے بھر پور تعاون کررہی ہے اور سندھ حکومت کے محکمہ کھیل کے ساتھ ملکر ان گیمز کو کامیابی بنائیں گے۔

واضح رہے کہ سندھ گیمز 2012میں اس وقت کے وزیر کھیل ڈاکٹر سید محمد علی شاہ مرحوم کی زیرنگرانی 2 مرتبہ منعقد ہوئے تھے، تاہم اس کے بعد یہ گیمز تعطل کا شکار رہے، اب تک ہونے والے تمام 16سندھ گیمز کراچی نے واضح سبقت کے ساتھ جیتنے کا اعزاز حاصل کر رکھا ہے، آخری سندھ گیمز میں کراچی نے 71 گولڈ میڈلز کے ساتھ وننگ ٹرافی پر قبضہ جمایا تھا جبکہ حیدرآباد نے دوسری اور سکھر نے تیسری پوزیشن پائی تھی۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں