ڈیوڈ وارنر نے قانونی جنگ سے قبل ہی ہتھیار پھینک دیے

12 ماہ کی معطلی اور عمر بھر کے لیے کپتانی سے نااہلی کا تلخ گھونٹ پی لیا


خبر ایجنسی April 06, 2018
اب اچھا کھلاڑی اور رول ماڈل بننے کی کوشش کروں گا،آسٹریلوی اوپنر۔ فوٹو: فائل

آسٹریلوی اوپننگ بیٹسمین ڈیوڈ وارنر نے پابندی کے خلاف قانونی جنگ سے قبل ہی ہتھیار پھینک دیے۔

کیپ ٹائون میں جنوبی افریقہ کیخلاف تیسرے ٹیسٹ میں بال ٹیمپرنگ پر کرکٹ آسٹریلیا نے اسٹیون اسمتھ و ڈیوڈ وارنر پر12، 12 ماہ کیلیے انٹرنیشنل اور ڈومیسٹک کرکٹ کے دروازے بند کردیے تھے۔

اسٹیو اسمتھ کو سزا ختم ہونے پر بھی مزید ایک برس تک قیادت کیلیے نااہل قرار دیا گیا، ڈیوڈ وارنر کو عمر بھر کیلیے کپتانی نہ دینے کا اعلان کیا گیا تھا، اسی طرح اوپنر کیمرون بینکرافٹ کو بھی 9 ماہ کی پابندی اور مزید ایک برس کیلیے کسی بھی سطح پر قیادت کیلیے نااہل قرار دیا گیا تھا۔

ان تینوں کے پاس اپنی سزائوں کو چیلنج کرنے کیلیے جمعرات تک کا وقت تھا تاہم ایک روز قبل ہی اسمتھ اور بینکرافٹ نے اپنی سزائیں قبول کرلی تھیں،یہ توقع کی جارہی تھی کہ وارنر سزا کے خلاف اپیل کریں گے تاہم ڈیڈ لائن ختم ہونے سے قبل انھوں نے بھی اسے تسلیم کرنے کا اعلان کردیا۔

وارنر نے ٹویٹر پر کہا کہ میں نے کرکٹ آسٹریلیا کو بتا دیا ہے کہ مکمل سزاکو قبول کرتا ہوں، میں اپنی حرکت پر شرمندہ اور معذرت خواہ ہوں، اب میں ایک اچھا انسان، ٹیم میٹ اور بہتر رول ماڈل بننے کی پوری کوشش کروں گا۔

بورڈ کے چیف ایگزیکٹیو جیمز سدرلینڈ نے کہاکہ ہم نے کھیل کو بچانے کیلیے سخت سزائیں نافذ کیں، مجھے یقین ہے کہ یہ تینوں پلیئرز زیادہ بہتر ہوکر دوبارہ کھیل میں لوٹیں گے اور شائقین کا اعتماد پھر سے جیتیں گے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں