پاکستان سے آزاد تجارتی معاہدے کیلیے رابطے میں ہیں سوڈانی سفیر

جلد کوئی لائحہ عمل تشکیل پاجائیگا، اقتصادی بحران سے نمٹنے کیلیے مسلم ممالک تعاون کریں۔

راولپنڈی چیمبر کا دورہ، سنگل کنٹری نمائش کے انعقاد کیلیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی۔ فوٹو: فائل

پاکستان میں سوڈان کے سفیر الشفیع احمد محمد نے کہا ہے کہ پاکستان سرمایہ کاری کے لیے بہترین ملک ہے، سوڈان اور پاکستان مل کر کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دے سکتے ہیں۔

پاکستان کے ساتھ آزاد تجارت کے معاہدے کیلیے دونوں ممالک کی حکومتیں مسلسل رابطے میں ہیں اور اس سلسلے میں جلد ہی کوئی لائحہ عمل تشکیل پا جائے گا، راولپنڈی چیمبر کی طرف سے سوڈان میں یک ملکی نمائش کے انعقاد کے سلسلے میں ہر ممکن تعاون کیا جائے گا، سوڈان پاکستان کے ساتھ باہمی تجارتی روابط بڑھانے کا خواہاں ہے اور اس ضمن میں پاکستانی تاجروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے گی۔




ان خیالات کا اظہار انہوں نے راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورے کے دوران تاجروں و صنعتکاروں سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر گروپ لیڈر نجم الحق ملک، سینئر نائب صدر پرویز احمد وڑائچ، نائب صدر ندیم اے رؤف، اراکین مجلس عاملہ اور دیگر اراکین بھی موجود تھے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان سوڈان کا برادر اسلامی ملک ہے اور دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات کا فروغ ازحد ضروری ہے، موجودہ عالمی اقتصادی بحران سے نکلنے کے لیے مسلم ممالک کو ایک دوسرے کے ساتھ تعاون بڑھانا چاہیے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے راولپنڈی چیمبر کے صدر منظر خورشید شیخ نے کہا کہ پاکستان قدرتی وسائل سے مالا مال ملک ہے تاہم ضرورت اس امر کی ہے کہ ان کو تلاش کر کے صحیح معنوں میں استعمال کیا جائے۔ انہوں نے سوڈان کے سفیر کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دی اور باہمی تجارتی تعاون کو بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا۔
Load Next Story