خوابوں کی تعبیر

آپ کے خوابوں کی تعبیریں جانیے۔

آپ کے خوابوں کی تعبیریں جانیے۔ فوٹو : فائل

آڑو کھانا
عائشہ عمر۔ حیدر آباد

خواب: میں نے خواب میں دیکھا کہ میرے شوہر دفتر سے واپسی پر کچھ چیزیں لے کر آتے ہیں اور جلدی سے ریفریجریٹر میں رکھ دیتے ہیں۔ پھر وہ کپڑے بدل کر کھانے کی میز پر آتے ہیں۔ ہم سب میاں بیوی اور بچے میز کے گرد بیٹھ کر کھانا کھاتے ہیں۔ تو پھر میرے شوہر بتاتے ہیں کہ میں آپ کے لئے آڑو لایا ہوں اور وہ ریفریجریٹر میں رکھ آیا ہوں۔ میں جلدی سے دو آڑو نکال کر میز کے اوپر رکھ دیتی ہوں اور پھر چھری سے ان کو کاٹ کر سب کے سامنے رکھ دیتی ہوں۔ آڑو بڑے میٹھے ہوتے ہیں اور مزیدار بھی۔ میرے بچے بڑے شوق سے کھاتے ہیں اور پھر میری آنکھ کھل جاتی ہے۔

تعبیر:۔ اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی مہربانی سے آپ کے رزق میں اضافہ ہو گا۔ آپ کو مال اور نعمت سے نوازا جائے گا۔ آپ کے ہاں اللہ تعالیٰ ایک نیک فرزند عطا فرمائیں گے جس سے آپ کے خاندان کی عزت اور وقار میں اضافہ ہو گا۔ کاروبار میں برکت ہو گی۔ آپ کے مال اور وسائل میں بھی بہتری آئے گی۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یا حی یا قیوم کا ورد بھی کیا کریں۔

روشن آنکھیں
حاجی غلام سرور، سکھر
خواب: میں نے دیکھا کہ میں بزرگوں کے مزار پر ہوتا ہوں اور وہاں پر محفل میلاد ہو رہی ہوتی ہے۔ اور خاص طور پر ذکر مبارک ہو رہا ہوتا ہے جس کو سن کر میری آنکھیں پر نم ہو جاتی ہیں۔ پھر میں اپنے آپ کو اپنے کمرے میں دیکھتا ہوں اور اس کے بعد جا کر شیشہ دیکھتا ہوں تو میری آنکھیں بہت زیادہ روشن ٰنظر آتی ہیں جو میرے لئے بہت بڑا اعزاز ہوتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کو میری آنکھوں سے آنسوؤں کا بہہ جانا پسند آتا ہے اور پھر میری آنکھ کھل جاتی ہے۔

تعبیر:۔ اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی مہربانی سے آپ کو کسی بزرگ سے روحانی فیض ملے گا۔ آپ متقی اور پرہیز گار ہوں گے۔ آپ کے رزق میں اضافہ ہو گا جس سے آپ کے مال اور وسائل میں بھی بہتری آئے گی۔ آپ کو اپنے حلقہ احباب میں عزت اور توقیر ملے گی۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یا حی یا قیوم کا ورد کیا کریں۔

بچھو دیکھنا
جاوید اقبال۔ جام پور
خواب:۔ میں نے خواب میں دیکھا کہ میں اپنے کمرے میں زمین پر بیٹھا ہوا ہوتا ہوں۔ نہ جانے کمرے میں ایک بچھو کہاں سے آ جاتا ہے۔ میں اس بچھو کو دیکھ کر مارنے کیلئے کوئی چیز ڈھونڈتا ہوں تو مجھے اپنے کمرے میں کوئی چیز نہیں ملتی پھر میں باہر سے ایک ڈنڈا اٹھا کر لاتا ہوں تو مجھے بچھو نظرنہیں آتا۔ وہ بچھو نہ جانے کہاں غائب ہو جاتا ہے اور تلاش کے باوجود نہیں ملتا۔ میں اس پریشانی میں کھڑا ہو جاتا ہوں۔ پھر میری آنکھیں کھل جاتی ہیں۔

تعبیر: یہ خواب اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ نہ کرے کوئی شخص اچانک دشمن بن جائے گا جو آپ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کرے گا۔ آپ کی طبیعت میں رنج و ملال بھی پیدا ہو سکتا ہے۔ آپ کے ذہن کے اوپر ایک خوف اور پریشانی آ سکتی ہے جس سے آپ کو صدمہ اور تکلیف بھی اٹھانی پڑے گی۔ آپ کے کاروبار میں کوئی بندش یا رکاوٹ بھی پیدا ہو سکتی ہے جس سے آپ کے مال اور وسائل میں کمی آ سکتی ہے۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور ہر نماز کے بعد کثرت سے استغفار بھی کیا کریں۔

کرکٹ کھیلنا
انیس احمد۔ کراچی
خواب:۔ میں نے دیکھا کہ میں اپنے چند دوستوں کے ساتھ ایک میدان میں ہوتا ہوں۔ میرے ایک دوست کے پاس بیٹ اور بال ہے پھر ہم سب دوست مل کر کرکٹ کھیلنا شروع کر دیتے ہیں۔ ہمارے کچھ دوست باؤلنگ کیلئے تیار ہو جاتے ہیں۔ میں بیٹنگ کیلئے جاتا ہوں اور میرا ایک دوست باؤلنگ شروع کردیتا ہے۔ میں ایک زور دار ہٹ لگاتا ہوں۔ میدان میں کافی لوگ جمع ہو جاتے ہیں اور ہمارا میچ دیکھتے ہیں۔ پھر میری آنکھ کھل جاتی ہے۔

تعبیر:۔ اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی مہربانی سے آپ کو امتحان میں کامیابی ملے گی۔کوئی خوشخبری ملنے کا امکان ہے جس کام کو آپ ذوق وشوق سے کریں گے۔ اس کا انجام بھی بہتر ہوگا۔ نوکری ملنے کا امکان ہے۔ کاروبار میں برکت ہوگی جس سے آپ کے مال اور وسائل میں اضافہ ہوگا۔آپ نماز پنجگانہ ادا کیاکریں اور کثرت سے یا حی یا قیوم کا ورد جاری رکھیں۔

بال سفید دیکھنا
چودھری حاکم علی، سرگودھا

خواب :۔ میں نے خواب میں دیکھا کہ میں اپنے کمرے میں ہوتا ہوں اور چارپائی سے اٹھ کر واش روم میں جاتا ہوں تو شیشہ میں اپنی شکل کو دیکھتا ہوں۔ میں نے دیکھا کہ میرے سر کے تمام بال سفید ہو چکے ہیں۔ میں باربار دونوں ہاتھ سفید بالوں پر لگاتا ہوں پھر میں سوچتا ہوں کہ کل صبح کو میرے سر کے تمام بال کالے تھے مگر اب سب سفید ہوگئے ہیں۔ میں اسی سوچ میں ہوتا ہوں کہ آنکھ کھل جاتی ہے۔

تعبیر:۔ اچھا خواب ہے جواس بات کو ظاہر کرتاہے کہ آپ کی عزت اور توقیر میں اضافہ ہوگا۔آپ کا مرتبہ بلند ہوگا۔ گھر میں راحت اور سکون ملے گا۔ آپ کے کاروبار میں برکت ہوگی جس سے آپ کے مال اور وسائل میں اضافہ ہوگا۔آپ نماز پنجگانہ ادا کیاکریں اور کثرت سے یا حی یا قیوم کا ورد جاری رکھیں۔

کپڑوں کو آگ لگ جاتی ہے
نسرین بیگم، کوئٹہ
خواب:۔ میں نے دیکھا کہ میں اپنے باروچی خانے میں ہوتی ہوں اور بچوں کے لئے ناشتہ بنا رہی ہوں کہ میرے دوپٹہ میں آگ لگ جاتی ہے اور جلد ہی میرے کپڑوں میں پھیل جاتی ہے۔ میری بڑی بیٹی جلدی سے آتی ہے اور ایک کمبل میرے اوپر ڈال کر آگ کو بجھانے کی کوشش کرتی ہے۔ پھر تھوڑی دیر میں آگ بجھ جاتی ہے۔آگ سے میرے کپڑے جسم سے چپک جاتے ہیں اور میں رونا شروع کر دیتی ہوں۔ میری آنکھ کھل جاتی ہے۔

تعبیر:۔ یہ خواب اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ نہ کرے کوئی پریشانی غم یا خوف کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ آنکھوں اور جسم کے کسی حصہ کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے کوئی بندش یا رکاوٹ ہو سکتی ہے۔کاروبارمیں بھی کمی آسکتی ہے جس سے آپ کے مال اور وسائل میں کمی آسکتی ہے۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کریں اور کثرت سے استغفار کریں اور صدقہ و خیرات بھی کریں۔

باغ میں ہد ہد کی آواز
احمدمختار، شیخوپورہ
خواب:۔ میں نے خواب میں دیکھا کہ صبح سیر کیلئے اپنے گھر کے قریبی سرسبز اور خوبصورت باغ میں ہوں۔ وہاں بہت سے پرندے ہوتے ہیں۔ بہت سے درخت ہیں۔ ان درختوں کے نیچے سے گزرتا ہوں۔ درخت کے اوپر ہد ہد بیٹھی ہوتی ہے اور وہ اپنی میٹھی آواز میں اللہ تعالیٰ کی حمد وثناء بیان کر رہی ہوتی ہے۔ میں اس درخت کے پاس کھڑا اس کی آواز سے لطف اندوز ہو رہا ہوتا ہوں۔ پھر میری آنکھ کھل جاتی ہے۔

تعبیر:۔ اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتاہے کہ کوئی دلی مراد پوری ہوگی۔کسی کام کے سلسلہ میں آپ کو کامیابی ہوگی۔ علم وحکمت میں اضافہ ہوگا۔ کاروبارمیں اضافہ ہوگا اور آپ کی تنگدستی اور پریشانی دور ہوگی۔آپ کے کاروبار میں برکت ہوگی جس سے آپ کے مال اور وسائل میں اضافہ ہوگا۔آپ نماز پنجگانہ ادا کیاکریں اور کثرت سے یا حی یا قیوم کا ورد جاری رکھیں۔کچھ صدقہ اور خیرات بھی کریں۔

نیاز بو کا پودا دیکھنا
احمد علی، رحیم یار خان

خواب:۔ میں نے دیکھا کہ میں اپنے ایک دوست کو ملنے کیلئے اس کے گھر جاتا ہوں۔ اس کا گھر بہت بڑا ہوتا ہے اور اس نے گھر کے باہر کافی تعداد میں پھول اور پودے لگا رکھے ہیں۔ ان میں کچھ پودے نیاز بو کے بھی ہوتے ہیں۔ نیاز بو کی بڑی اچھی خوشبو ہوتی ہے جس سے مجھے کافی زیادہ راحت ملتی ہے۔ میں تمام پودوں کو دیکھتا ہوں جس میں کافی تعداد میں پھول بھی ہوتے ہیں۔ تو پھر میری آنکھ کھل جاتی ہے۔

تعبیر:۔ اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی مہربانی سے آپ کو خوشخبری ملے گی۔ اللہ تعالیٰ آپ کو فرزند عطا فرمائے گا جس سے آپ کے خاندان کو عزت اور وقار ملے گا۔ آپ کی دین و دنیا دونوں میں بہتری آئے گی۔ آپ کے رزق میں اضافہ ہو گا اور آپ کے مال اور وسائل میں بھی بہتری آئے گی۔ آپ کو اپنے مقاصد میں کامیابی ملے گی۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یا شکور یا عزیز کا ورد بھی جاری رکھیں۔

کھیت میں سکے ملتے ہیں
چوہدری شہباز ، اوکاڑہ
خواب: میں نے دیکھا کہ میں اپنے کھیت میں ہل چلا رہا ہوتا ہوں۔ اچانک میرے ہل کی نوک کسی چیز سے ٹکراتی ہے۔ وہاں سے زمین کو کھودتا ہوں تو مجھے زمین سے کچھ تانبے کے سکے ملتے ہیں۔ میں ان تمام کو اس جگہ سے باہر نکالتا ہوں اور ان سے مٹی اتارتا ہوں۔ یہ سکے کافی پرانے ہوتے ہیں۔ پھر میری آنکھ کھل جاتی ہے۔

تعبیر: اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی مہربانی سے آپ کو مقدمے میں فتح نصیب ہو گی۔ آپ کے رزق میں اضافہ ہو گا جس سے آپ کے مال اور وسائل میں بھی بہتری آئے گی۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں۔ اور کثرت سے یا حی یا قیوم کا ورد بھی کیا کریں۔ رات کو سونے سے پہلے نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سیرت پاک کا مطالعہ کیا کریں۔
Load Next Story