دہشت گردی کے خلاف پاکستانی کوششوں کے مثبت نتائج نکلے جنرل نکولس

باڑ لگانے اور پاک افغان سرحد پرکیے گئے دیگر اقدامات سے صورتحال بہتر ہوئی، برطانوی آرمی چیف

جنرل نکولس نے آرمی چیف کے ہمراہ بلوچستان میں گردی جنگل کا بھی دورہ کیا، آئی ایس پی آر۔ فوٹو: اے پی پی

جنرل سر نکولس پیٹرک کارٹر نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف پاکستانی کارروائیوں کے مثبت نتائج نکلے ہیں۔

برطانوی فوج کے چیف آف جنرل اسٹاف جنرل سر نکولس پیٹرک کارٹر نے اپنے دورہ پاکستان کے دوران پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی۔


پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دونوں عسکری رہنماؤں کے درمیان ہونے والی ملاقات میں علاقائی سیکیورٹی اور باہمی دلچسپی کے امورپرتبادلہ خیال کیا گیا ،اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے جنرل سر نکولس پیٹرک کارٹر نے کہاکہ دہشت گردی کے خلاف پاکستانی کارروائیوں کے مثبت نتائج نکلے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سرحد پر باڑ لگانے اور پاک افغان سرحد پر اٹھائے گئے دیگر اقدامات سے صورتحال بہتر ہوئی ہے، اس کے انتہا پسندی پر قابو پانے کے حوالے سے دورس اثرات مرتب ہوں گے۔

جنرل نکولس کا کہنا تھا کہ خطہ میں امن اور استحکام کے لیے مشترکہ طریقہ کار کے تحت اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے۔ جنرل نکولس نے آرمی چیف کے ہمراہ بلوچستان میں گردی جنگل کا بھی دورہ کیا۔ وفد کو خوشحال بلوچستان پروگرام کے لیے سیکیورٹی صورتحال اور کارروائیوں کے حوالے سے بریفنگ بھی دی گئی۔

 
Load Next Story