چیمپئنز لیگ ناکامی بھی رئیل میڈرڈ کا راستہ نہیں روک پائی

گالاتساری کیخلاف 2-3 سے ہارنے کے باوجود ایگریگیٹ پر 3-5 سے کامیاب ہوکر سیمی فائنل میں جگہ بنالی۔


Sports Desk April 11, 2013
گالاتساری کیخلاف 2-3 سے ہارنے کے باوجود ایگریگیٹ پر 3-5 سے کامیاب ہوکر سیمی فائنل میں جگہ بنالی۔ فوٹو: فائل

ناکامی بھی اسپینش کلب رئیل میڈرڈ کا راستہ نہیں روک پائی، ترک سائیڈ گالاتساری کیخلاف سیکنڈ لیگ کوارٹر فائنل میں 2-3 سے شکست کے باوجود اسپینش کلب نے ایگریگیٹ پر 5-3 سے ملنے والی برتری کی بنیاد پر سیمی فائنل میں جگہ بنالی.

رئیل میڈرڈ نے 24ویں مرتبہ ایونٹ کے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کی ہے، جرمن سائیڈ بورسیا ڈورٹمنڈ نے سنسنی خیز مقابلے میں مالاگا کو پچھاڑ کر فائنل فور میں نشست محفوظ بنائی، میزبان ٹیم نے دو گول کھیل کے آخری منٹ میں داغے، دونوں ٹیموں کے درمیان کوارٹر فائنل فرسٹ لیگ بغیر کسی گول کے برابر رہا تھا۔ تفصیلات کے مطابق ترکی میں گالاتساری کے ہوم گراؤنڈ پر کھیلے گئے یوئیفا چیمپئنز لیگ کوارٹر فائنل سیکنڈ لیگ میں رئیل میڈرڈ کو 3-2 سے شکست کا سامنا رہا، تاہم فرسٹ لیگ میں ریال میڈرڈ نے اپنے میدانوں پر 0-3 سے کامیابی سمیٹی تھی لہذا 3-5 کے ایگریگیٹ نے انھیں 24ویں مرتبہ ایونٹ کے فائنل فور میں پہنچوادیا۔

گالاتساری کیخلاف میچ کے ساتویں منٹ میں اسٹار فارورڈ کرسٹیانو رونالڈو نے گیند کو جال میں پہنچاکر میزبان شائقین کے ارمان ٹھنڈے کیے، مہمان ٹیم کی یہ برتری کھیل کے پہلے ہاف کے اختتام تک برقرار رہی البتہ کھیل کے دوسرے دورانیے میں میزبان پلیئر ایمانویل ایبوئے نے 57ویں منٹ میں جوابی گول داغ کر حساب چکتا کردیا، 70ویں منٹ میں ویسلے سنیجر نے گالاتساری کو برتری دلوائی، جس کے دو منٹ بعد ڈیڈائر ڈروگبا نے میزبان ٹیم کی جانب سے تیسرا گول بناکر رئیل میڈرڈ کو مشکلات سے دوچار کردیا، حریف ٹیم کا خسارہ اختتامی لمحات میں کرسٹیانو رونالڈو نے ہی کم کیا، انھوں نے اس مقابلے میں اپنی ٹیم کے دونوں گول بنائے، چیمپیئنز لیگ کی تاریخ میں رئیل میڈرڈ نے ریکارڈ 24ویں مرتبہ سیمی فائنل تک پہنچنے میں کامیابی حاصل کی ہے۔



دوسری جانب جرمن کلب بورسیا دورٹمنڈ نے ہوم گرائونڈ پر مالاگا کو 2-3 سے مات دے دی، منگل کی شب منعقدہ میچ میں اختتامی لمحات تک مالاگا کو ایک کے مقابلے میں دو گول کی برتری حاصل تھی لیکن میچ کے آخری منٹ میں ڈورٹمنڈ کے کھلاڑیوں نے یکے بعد دیگرے دو گول کر کے میچ کا پانسہ پلٹ دیا، مالاگا کی جانب سے جوکوئن نے کھیل کے 25ویں منٹ میں گول کر کے ٹیم کو برتری دلوائی جسے 40ویں منٹ میں جرمن کلب کے لوانسکی نے برابر کر دیا۔

پہلے ہاف کے خاتمے پر مقابلہ 1-1 سے برابر رہا، دوسرے ہاف میں بیشتر وقت دونوں ٹیمیں مزید کوئی گول کرنے میں ناکام رہیں اور کھیل کے مقررہ وقت کے اختتام سے آٹھ منٹ قبل مالاگا کے الیسیو نے گول کر کے ہسپانوی کلب کو برتری دلوا دی جوآخری منٹ تک قائم رہی،کھیل کے 90 ویں منٹ میں جب ڈورٹمنڈ کے رائس نے گول کیا توایسا ظاہر ہوتا تھا کہ اب فیصلہ اضافی وقت میں ہی ہوگا تاہم اسی منٹ میں فلپ سانتانا نے ایک اور گول کرکے ڈورٹمنڈ کو سیمی فائنل میں پہنچادیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں