پی ایس ایل 3 کی فاتح اسلام آباد یونائیٹڈ فتح کا جشن آج منائے گی

پریڈکے بعد ایف 9پارک میں تقریب اور آتش بازی، عابدہ پروین سُر بکھیریں گی


Sports Reporter April 08, 2018
پریڈکے بعد ایف 9پارک میں تقریب اور آتش بازی، عابدہ پروین سُر بکھیریں گی۔ فوٹو : پی ایس ایل

اسلام آباد یونائیٹڈ پی ایس ایل کی فتح کا جشن منانے کیلیے تیار ہے جب کہ شام کو پریڈ کے بعد رات کو ایف 9پارک میں تقریب اور آتش بازی ہوگی۔

پی ایس ایل ون کی فاتح اسلام آباد یونائیٹڈ نے رواں سال تیسرے ایڈیشن کا ٹائٹل بھی جیت کر دوسری بار چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا، ویسٹ انڈیز کیخلاف سیریز کی وجہ سے جشن منانے کا پروگرام موخر کردیا گیا تھا،اب اتوار کو فرنچائز میں شامل پاکستانی کرکٹرز اپنے پرستاروں کے درمیان ہوںگے۔


شیڈول کے مطابق دوپہر کو پی ایس ایل تھری کی ٹرافی ڈائمنڈ گرائونڈ جائے گی،اسلام آباد کرکٹ ایسوسی ایشن کو میزبانی کا اعزاز ملے گا، شام کو ڈی چوک سے ایف9پارک تک ٹرافی پریڈ کا اہتمام کیا گیا ہے، شام 4سے رات 7بجے تک ہونے والے اس ایونٹ میں فاتح کرکٹرز نقش ونگار سے مزین خصوصی ٹرک میں سوار ہوکر شائقین کی توجہ کا مرکز بنیں گے۔


اس موقع پر فرنچائز کے مالک علی نقوی، معروف سیاسی اور سماجی شخصیات بھی موجود ہونگی، سٹرکوں پر اسلام آباد یونائیٹڈ کی کٹ کے سرخ رنگ کی بہار نظر آے گی، پریڈ کا روٹ مکمل ہونے کے بعد رات کو ایف 9پارک میں رنگارنگ تقریب اور آتش بازی ہوگی، ساڑھے 9بجے معروف صوفی گائیک عابدہ پروین اپنی مسحور کن آواز سے سربکھیریں گی۔


یاد رہے کہ اسلام آباد یونائیٹڈ نے قومی ٹیم کو شاداب خان، فہیم اشرف، رومان رئیس، آصف علی اور حسین طلعت جیسے کھلاڑی دیے ہیں۔


فرنچائز کے مالک علی نقوی کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل ٹرافی کی پریڈ اسلام آباد، راولپنڈی،گلگت وبلتستان سمیت ملک بھر میں موجود پرستاروں کیلیے فخر کا موقع ہے،کامیابی کا جشن منانے کا منفرد انداز شائقین کے دل موہ لے گا۔


 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔