ایمنسٹی اسکیم سے نواز شریف زرداری ڈار اور ترین کی اولاد فائدہ اٹھا سکے گی

جنوری 2000 سے پہلے عوامی عہدہ رکھنے والے پر بھی اسکیم کا اطلاق ہو گا، بلدیاتی نمائندوں کو استثنیٰ دینے کا فیصلہ


Shahbaz Rana April 08, 2018
نیب آرڈیننس 1999 کے غیرملکی اثاثہ جات آرڈیننس میں عوامی عہدے کی دوبارہ تشریح کی جائے گی، نواز حکومت کا فیصلہ۔ فوٹو: فائل

وفاقی حکومت نے فیصلہ کیاہے کہ جنوری 2000 سے عوامی عہدہ رکھنے والے وزیراعظم کی ایمنسٹی اسکیم سے استفادہ نہیں کر سکیں گے تاہم ان کی اولاد پریہ پابندی نہیں ہوگی۔

ایکسپریس ٹریبیون کو وزیر اعظم کے مشیرخزانہ مفتاح اسماعیل نے بتایاکہ یکم جنوری 2000سے عوامی عہدہ رکھنے والوں کو ایمنسٹی اسکیم سے استفادہ کرنے سے روک دیاگیاہے۔اس عرصہ سے پہلے عوامی عہدہ رکھنے والا بھی اسکیم سے فائدہ اٹھانے کا اہل ہو گا۔

ذرائع کے مطابق وفاقی یاصوبائی حکومت میں کوئی بھی عہدہ رکھنے والاسیاستدان ایمنسٹی اسکیم سے استفادے کا اہل نہیں ہوگا۔ وفاقی حکومت کے فیصلے سے سابق وزیر اعظم نواز شریف، سابق صدر آصف زرداری، سابق وزیر خزانہ اسحق ڈار اور سابق وفاقی وزیر صنعت جہانگیرترین ایمنسٹی اسکیم سے استفادہ نہیں کرسکیں گے لیکن ان سیاستدانوں کی اولاد ایمنسٹی اسکیم سے فائدہ اٹھاسکے گی کیونکہ نیب آرڈیننس کی تشریح کا ان پر اطلاق نہیں ہوتا۔

تحریک انصاف کے رہنما اسدعمر کا کہناہے کہ موجودہ صورتحال میں مریم نواز اور بلاول بھٹوزرداری ایمنسٹی اسکیم سے استفادہ کرسکتے ہیں۔

نیب آرڈیننس کی تشریح کے مطابق بلدیاتی نمائندے بھی عوامی عہدے دار ہیں جبکہ وفاقی حکومت نے فیصلہ کیاہے کہ نیب آرڈیننس پر نظرثانی کرتے ہوئے بلدیاتی نمائندوں کو عوامی عہدے کی تشریح سے نکال دیاجائے۔

نیب آرڈیننس کے مطابق صدر مملکت، صوبائی گورنر، وزیراعظم، چیئرمین سینیٹ، قومی اسمبلی کے اسپیکراور ڈپٹی اسپیکر، وفاقی وزیر، وزیر مملکت، اٹارنی جنرل، وزیراعظم اور وزیراعلیٰ کے مشیر اور معاون خصوصی ، وفاقی پارلیمانی سیکریٹری، اراکین پارلیمنٹ، آڈیٹرجنرل، پولیٹیکل سیکریٹری عوامی عہدے ہیں۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔