کنٹرول لائن پر بھارتی گولہ باری سے خاتون شہید 3 زخمی

کھوئی رٹہ سیکٹرمیں بھارتی فوج نے آبادی کونشانہ بنایا، پاک فوج کی بھرپور جوابی کارروائی


ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ کودفترخارجہ بلاکراحتجاجی مراسلہ دیا گیا، بھارت سیز فائر معاہدے کی پاسداری کرے، ترجمان۔ فوٹو:فائل

بھارتی فوج کی مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی فورسز کی ریاستی دہشت گردی سے توجہ ہٹانے کے لیے لائن آف کنٹرول کی سول آبادی پرگولہ باری سے ایک خاتون شہید جبکہ2بچیوں سمیت 3افرادزخمی ہوگئے۔

بھارت فوج نے گزشتہ روزسیزفائرلائن کی خلاف ورزی کرتے ہوئے نکیال سیکٹر کے سرحدی علاقے لنجوٹ پرگولہ باری کی جس سے ربیدہ دخترخیام شہیدہوگئی جبکہ صفیدہ دخترخیام اورصمیدہ دختراسماعیل ساکن سدھن کالونی لنجوٹ زخمی ہوگئیں۔ زخمی خواتین کو تحصیل ہیڈ کوارٹرز اسپتال فتح پور ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال کوٹلی منتقل کردیا گیا ہے۔

کھوئی رٹہ سیکٹرکے نواحی علاقہ سیری پر بھارتی فوج نے بلا اشتعال گولہ باری کی گولے سیری انٹر کالج کے احاطے میں گرے ،سول آبادی کو بھی نشانہ بنایا گیا ۔گولہ باری سے رحیم شاہ ولد بھٹی جان عمر 30سال ساکن اپر دیرزخمی ہو گئے زخمیوں کو فوری طور پر تحصیل ہیڈکواٹر اسپتال کھوئی رٹہ منتقل کیا گیا۔ پاک فوج نے بزدل دشمن کے خلاف بھرپور جوابی کارروائی کی اور دشمن کے مورچوں کو نشانہ بنایا جس کے بعد بھارتی گنیں خاموش ہو گئیں۔

پاکستان نے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ کو دفتر خارجہ طلب کر کے لائن آف کنٹرول کے نکیال سیکٹر میں بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ پر شدید احتجاج کیا اور ڈی جی سائوتھ ایشیا ڈاکٹرمحمد فیصل نے احتجاجی مراسلہ ان کے حوالے کیاگیا جس میں کہا گیا ہے کہ بھارت جنگ بندی معاہدے کی پاسداری کرے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ کو دفتر خارجہ طلب کیا گیا جس دوران ترجمان دفتر خارجہ اور ر ڈی جی سائوتھ ایشیا ڈاکٹرمحمد فیصل نے لائن آف کنٹرول کے نکیال سیکٹر میں بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ پر احتجاج ریکارڈ کراتے ہوئے ایک احتجاجی مراسلہ جے پی سنگھ کے حوالے کیا جس میں کہا گیا کہ بھارت سیز فائر معاہدے کی پاسداری کرے اور اشتعال انگیز کی کارروائیوں سے گریز کرے ۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔