شامی فوج کا غوطہ میں کیمیکل بم حملہ 100 افراد جاں بحق اور ایک ہزار زخمی

زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے جب کہ متعدد افراد کا جسم مفلوج ہوچکا ہے، ڈاکٹرز


ویب ڈیسک April 08, 2018
حملے کے متاثرین میں زیادہ تعداد بچوں کی ہے، امدادی اہلکار۔ فوٹو : فائل

شام کے مشرقی علاقے غوطہ میں حکومتی فورسز کے کیمیکل بم حملے میں 100 سے زائد افراد جاں بحق جب کہ ایک ہزار سے زائد زخمی ہوگئے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق شامی فوج نے مشرقی علاقے غوطہ میں کیمیکل بم گرادیے جس کے نتیجے میں 100 سے زائد افراد ہلاک اور ایک ہزار سے زائد زخمی ہوگئے، امدادی اہلکاروں کے مطابق حملے کے متاثرین میں زیادہ تعداد بچوں کی ہے۔ شام میں امدادی کاموں میں مصروف تنظیموں کے مطابق زخمیوں کو فوراً اسپتالوں میں منتقل کردیا گیا ہے جہاں ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے جب کہ متعدد افراد کا جسم مفلوج ہوچکا ہے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : پاکستانی بزرگ جوڑے کا شام کے علاقے غوطہ کا آنکھوں دیکھا حال

شامی باغیوں نے دعویٰ کیا ہے کہ حکومتی فورسز نے مشرقی غوطہ کے علاقے میں کیمیکل بم پھینکے جس کے باعث شہریوں کو سانس لینے میں دشواری کا سامنا ہے۔ دوسری جانب شامی حکومت نے کیمیکل بم کے حملے کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ باغی ناکامی دیکھ کر بے بنیاد افواہیں پھیلا رہے ہیں۔ امریکی اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ شام کی صورتحال کا جائزہ لیا جارہا ہے اور حملے میں روسی معاونت بھی خارج از امکان نہیں۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : شام کے شہر غوطہ میں ہلاکتوں کی تعداد ایک ہزار سے تجاوزکرگئیں

واضح رہے کہ شامی حکومت نے گزشتہ سال بھی باغیوں کے علاقے پر کیمیکل بم گرائے تھے جس کے نتیجے میں سیکڑوں افراد مارے گئے تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں