غزہ میں کوئی معصوم شہری نہیںاسرائیلی وزیردفاع کی ہٹ دھرمی

حماس اپنی کارروائیوں کیلیےاکثروبیشتر فلاحی تنظیموں،میڈیا اور طبی عملے کواستعمال کرتی رہی ہے،اسرائیلی وزیردفاع کا الزام


ویب ڈیسک April 08, 2018
اہلِ غزہ حماس سے تنخواہ لیتے ہیں،اسرائیلی وزیر،فوٹو:اے ایف پی

اسرائیلی وزیردفاع اویگدر لیبرمان نے ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ غزہ میں کوئی معصوم شہری نہیں۔

اسرائیلی ریڈیو سے بات کرتے ہوئے اویگدر لیبرمان نے کہا کہ حماس کے زیرانتظام غزہ کی پٹی میں رہنے والے لوگ معصوم نہیں ہیں یہ سب لوگ حماس سے جڑے ہوئے ہیں ان سب کے حماس سے تعلقات ہیں اور یہ لوگ حماس سے تنخواہ لے رہے ہیں۔

اسے بھی پڑھیں: فلسطین میں صحافی سمیت مزید 5 شہری شہید

انہوں نے کہا کہ وہ انسانی حقوق کے کارکن جو ہمیں چیلنج کررہے ہیں اور غزہ کی سرحد عبور کررہے ہیں وہ حماس کے عسکری ونگ کے کارکن ہیں، اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے شہید ہونے والے فلسطینی صحافی سے متعلق لیبرمان کا کہنا تھا کہ یہ صحافی ڈرون اڑاتے ہوئے گولیوں کا نشانہ بنا جب کہ عینی شاہدین کا کہنا تھا کہ صحافی اپنی پیشہ وارانہ فرائض کی انجام دہی کے دوران صہیونی گولیوں کا نشانہ بنا، اسرائیلی وزیر دفاع نے الزام لگایا کہ حماس اپنی کارروائیوں کے لیے اکثر و بیشتر فلاحی تنظیموں،میڈیا اور طبی عملے کو استعمال کرتی رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے 8 فلسطینی شہید، 700 سے زائد زخمی

اسرائیلی وزیردفاع کا یہ بیان اس وقت سامنے آیا ہے جب گزشتہ 10روز کے دوران غزہ کی سرحد پر اپنے حقوق کے لیے احتجاج کرنے والے نہتے فلسطینیوں پر اسرائیلی فوج کی وحشیانہ فائرنگ سے صحافی سمیت 32 فلسطینی شہید جب کہ 2ہزار سے زائد زخمی ہوچکے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں