ہاکی میں پاکستان نے میچز برابر کرنے کی ہیٹ ٹرک مکمل کرلی

انگلینڈ سے بھی مقابلہ 2-2 گول سے ڈرا، علی مبشر نے اس بار بھی اختتامی لمحات میں گیند کو جال میں پہنچادیا


Sports Reporter April 09, 2018
انگلینڈ سے بھی مقابلہ 2-2 گول سے ڈرا، علی مبشر نے اس بار بھی اختتامی لمحات میں گیند کو جال میں پہنچادیا۔ فوٹو: اے ایف پی

KUWAIT CITY: کامن ویلتھ گیمز کے ہاکی مقابلوں میں پاکستان نے میچز برابر کرنے کی ہیٹ ٹرک مکمل کرلی۔

پاکستان ہاکی ٹیم کی کامن ویلتھ گیمز میں اچھی کارکردگی کا سلسلہ جاری ہے، گزشتہ روز پاکستان کا انگلینڈ کے خلاف میچ بھی 2-2 گول سے برابر رہا۔ یاد رہے کہ پاکستان ٹیم اب تک کامن ویلتھ گیمز کے دوران ہاکی کے مقابلوں میں3 میچز کھیل چکی ہے جبکہ تینوں ہی میچز برابری پر ختم ہوئے، 7 اپریل کو بھارت کے ساتھ ہونے والا سنسنی خیز میچ بھی 2-2 گول سے برابری پر ختم ہوا تھا جبکہ 5 اپریل کو ویلز کے خلاف شیڈول میچ بھی1-1سے ڈرا ہوا تھا۔

گولڈ کوسٹ ہاکی سینٹر میں کھیلے گئے اس میچ میں انگلینڈ کی ٹیم ابتدا سے ہی پاکستان پر حاوی رہی لیکن پاکستان کے دفاعی کھلاڑیوں اور گول کیپر نے بھی بھرپور مقابلہ کیا۔

ابتدائی دونوں کوارٹرز میں کوئی بھی ٹیم گیند کو جال کے اندر پھینکنے میں کامیاب نہ ہوسکی، تاہم تیسرے ہاف کے دوران 33 ویں منٹ میں پاکستانی ٹیم نے عمدہ موو بنائی اور گیند کو حریف سائیڈ کے ڈی ایریا میں لے جانے میں کامیاب ہوگئے، وہاں پر پہلے سے موجود محمد ارسلان قادر نے ساتھی کھلاڑی کے پاس پر گیند کو بڑی خوبصورتی کے ساتھ جال کے اندر پھینک کر گرین شرٹس کو ایک گول کی سبقت دلادی۔

پاکستان کی برتری کے ایک منٹ بعد ہی انگلینڈ کے مارک گلیگھورن نے پنالٹی کارنر پر گول سکور کرکے میچ 1-1 سے برابر کر دیا۔ انگلش ٹیم نے چوتھے کوارٹر کے 51ویں منٹ میں پنالٹی کارنر کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے سام وارڈ کے اسٹروک سے ٹیم کو ایک کے مقابلے میں 2 گول کی برتری دلادی۔

پاکستان ٹیم کو میچ کے57 ویں منٹ میں پنالٹی کارنر ملا جس کے ذریعے علی مبشر نے گول اسکور کرتے ہوئے ایک مرتبہ پھر میچ 2-2 سے برابر کردیا۔ پاکستان ٹیم میگا ایونٹ میں اپنا آخری پول میچ بدھ 11اپریل کو ملائیشیا کیخلاف کھیلے گی۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں