عام انتخابات میں کسی بھی جماعت کا کوٹا مختص نہیں کرسکتےاحسن اقبال
مسلم لیگ (ن) کے رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ عام انتخابات میں کانٹے کا مقابلہ ہوگا اس لئے کسی بھی جماعت کا کوٹا مختص نہیں کرسکتے ۔
لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے مراحل خاصے پیچیدہ ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال اور اپیلوں کا عمل مکمل ہونے کے فوری بعد اپنے امیدواروں کی فہرست جاری کردے گی۔ انہوں نے کہا کہ ان کی جماعت نگراں وزیر اعلیٰ کی جانب سے پنجاب میں کئے گئے تبادلوں کو سراہتی ہے اس سے لوگوں کو بات کرنے کا موقع نہیں ملے گا، وفاق کے اہم عہدوں پر صدر آصف علی زرداری کے لوگ تعینات ہیں انہیں بھی پنجاب کی طرح تبدیل کیا جائے۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ 11 مئی کو ہونے والے انتخابات میں کانٹے کا مقابلہ ہوگا اس لئے کسی کو بھی کوٹا نہیں دے سکتے تاہم جن جماعتوں سے اتحاد اور سیٹ ایڈجسٹمنٹ کی بات ہوئی تھی ان کے ساتھ معاملات اب بھی زیر غور ہیں۔