نواز شریف کو بند گلی نہیں اڈیالہ جیل کی طرف دھکیلا جارہا ہے عمران خان

شہباز شریف سوچ رہے ہیں کہ وہ خیبر پختونخوا میں بھی پیسے بناسکتے ہیں، عمران خان


ویب ڈیسک April 11, 2018
نواز اور شہباز شریف نے جتنا قرضہ لیا ہے پورے پاکستان کی تاریخ میں کسی نےنہیں لیا، عمران خان فوٹو: فائل

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ نواز شریف کو بند گلی کی طرف نہیں اڈیالہ جیل کی طرف دھکیلا جارہا ہے۔

وزیر اعلی ہاؤس پشاور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ فاٹا اصلاحات پرعمل درآمد ہوجانا چاہیے تھا مگراب تک نہیں ہوا، اگر الیکشن جیت کر اقتدارمیں آگئے تو فاٹا کو خیبر پختونخوا میں ضم کردیں گے اور 3 سے 5 ماہ میں قبائلی علاقوں میں بلدیاتی انتخابات کرائیں گے۔

'' فاٹا کے حوالے سے جلد آرمی چیف سے ملاقات کروں گا ''


عمران خان کا کہنا تھا کہ فاٹا کے حوالے سے جلد آرمی چیف قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کروں گا ، جس میں ان سے فاٹا کے 3 نکات پر بات ہوگی، ان کے سامنے فاٹا میں سیکورٹی چیک پوسٹ کم سے کم کرنے، بارودی سرنگوں کے خاتمے اور لاپتہ افراد کا معاملہ اٹھاؤں گا۔ کئی گھرانوں کے لوگ غائب ہیں اور ان کے ماں باپ پریشان ہیں۔

'' شہباز شریف کو قرضے کی بات کرتے ہوئے شرم آنی چاہئے ''


چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ شہباز شریف کو قرضے کی بات کرتے ہوئے شرم آنی چاہئے، نواز اور شہباز نے جتنا قرضہ لیا ہے پورے پاکستان کی تاریخ میں کسی نےنہیں لیا، شہباز شریف سوچ رہےہیں کہ وہ خیبر پختونخوا میں بھی پیسے بناسکتے ہیں، لاہور اور ملتان کی میٹرو بس سروس کے خسارے سے ہرسال شوکت خانم جیسے دو نئے اسپتال بنائے جاسکتے ہیں لیکن پشاور میں میٹرو منصوبہ خسارے کا شکار نہیں ہوگا کیونکہ اس منصوبے پر کوئی سبسڈی نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ حکومت پی ٹی آئی بنائے گی، نوازشریف کو بند گلی کی طرف نہیں اڈیالہ کی طرف دھکیلا جارہا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں