پریزیڈنٹ ٹرافی کرکٹ اسٹارز سے سجی حبیب بینک ٹیم کی روشنی گل

واپڈا نے 5 وکٹ سے میدان مارا، احمد شہزاد کی سنچری رائیگاں، رفعت، خرم منظور اور حسین طلعت نے بھی تھری فیگر اننگز سجائیں


Sports Reporter April 12, 2013
واپڈا نے 5 وکٹ سے میدان مارا، احمد شہزاد کی سنچری رائیگاں، رفعت، خرم منظور اور حسین طلعت نے بھی تھری فیگر اننگز سجائیں۔ فوٹو: فائل

پریذیڈنٹ کپ ٹورنامنٹ میں احمد شہزاد، رفعت اللہ مہمند، خرم منظور اور حسین طلعت نے سنچریاں جڑ دیں۔

اسد شفیق 79، عمر امین 42، کامران اکمل 40 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے، یونس خان 25، عمران فرحت 11، ناصر جمشید 6، شاہد آفریدی 5 رنز تک محدود رہے،حارث سہیل نے ناقابل شکست ففٹی کے ساتھ فارم برقرار رکھی، بولنگ میں جنید خان 4، محمد عرفان 3 شکار کرنے میں کامیاب ہوئے، آفریدی، یاسر عرفات، انور علی، اعزاز چیمہ نے 2، 2 ، سعید اجمل، عبدالرحمان، وہاب ریاض، احسان عادل نے ایک ایک وکٹ حاصل کی، راحت علی، حماد اعظم، ذوالفقار بابر ناکام رہے، سہیل تنویر نے واحد وکٹ کیلیے 74رنز کی پٹائی برداشت کی، رضا حسن نے 36 رنز کے عوض 4 کو پویلین بھیجا۔

تفصیلات کے مطابق چیمپئنز ٹرافی کے ابتدائی اسکواڈ میں شامل 7 کھلاڑیوں سے مزین حبیب بینک ٹیم واپڈا کے آگے 5 وکٹ سے گھٹنے ٹیک گئی۔ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ناکام ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے 7 وکٹ پر 286 رنز بنائے، احمد شہزاد 112 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر تھے، اسد شفیق نے 79 رنز اسکور کیے، یونس خان 25، عمران فرحت 11، شاہد آفریدی 5 رنز تک محدود رہے۔

جنید خان 4، ناصر ملک 2، سعد نسیم 1 کو پویلین بھیجنے میں کامیاب ہوئے۔ واپڈا نے رفعت اللہ مہمند (102)، سعد نسیم (84) اور مہیب مقصود (66 ) کی بدولت ہدف 47.3 اوورز میں حاصل کر لیا۔شاید آفریدی 2، احسان عادل، عبدالرحمان اور عمران فرحت نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ ایل سی سی اے گراؤنڈ پر نیشنل بینک نے کے آر ایل کو 12 رنز سے ہرا دیا۔



فاتح ٹیم نے 9 وکٹ پر 206 رنز بنائے، فواد عالم 57، محمد نواز 54، کامران اکمل 40 کے ساتھ نمایاں رہے، دیگر بیٹسمینوں میں سے کوئی بھی یاسر عرفات اور محمد عرفان کی مہلک بولنگ کے وار نہ سہہ سکا، ناصر جمشید نے 6پر آؤٹ ہو کر ٹاپ آرڈر کی ناکامی کی بنیاد رکھی، حماد اعظم 10 بنا سکے۔

جواب میں کے آر ایل ٹیم رضا حسن کے اسپن جال میں پھنس کر آسان ہدف تک بھی نہ پہنچ پائی، سعید انور 55، طیب ریاض 47 رنز کے باوجود فتح کا راستہ نہ بنا سکے، یاسر عرفات نے 4 رنز بنائے، پوری ٹیم آخری اوور کی پہلی گیند پر 194 رنز بنا کر ڈھیر ہو گئی۔ رضا حسن 4، محمد نواز اور عمران خان 2،2 ، وہاب ریاض اور فواد عالم ایک ایک وکٹ لے اڑے۔ بینظیر بھٹو کرکٹ اسٹیڈیم گڑھی خدا بخش میں یونائیٹڈ بینک نے پی آئی اے کو 9 رنز سے زیر کیا۔ فاتح ٹیم نے عابد علی کے 91 رنز سے تقویت پاتے ہوئے 8 وکٹ پر 222 کا مجموعہ حاصل کیا۔

انور علی، اعزاز چیمہ اور غلام علی نے 2، 2 وکٹیں اپنے نام کے آگے درج کرائیں۔ پی آئی اے کی ہمت 213 پر جواب دے گئی، شہریار غنی 52، آغا صابر 40 رنز بنانے کے باوجود اپنی ٹیم کو شکست سے نہ بچاسکے۔ کاشف بھٹی 4، زبیر خان 3، شبیر احمد 2، اعتماد الحق ایک وکٹ کا بٹوارہ کرتے ہوئے حریف سائیڈ کی مہم کمزور کرنے کا سبب بنے۔

قذافی اسٹیڈیم لاہور میں زرعی ترقیاتی بینک نے پورٹ قاسم اتھارٹی کو 8 وکٹ سے مات دیدی۔ ناکام ٹیم نے خرم منظور کے 122 اور عمر امین 42 کی بدولت 6 وکٹ پر 297 رنز کا قابل قدر ٹوٹل اسکور بورڈ کی زینت بنایا، سہیل تنویر نے 74 کی پٹائی برداشت کرنے کے بعد ایک وکٹ حاصل کی۔ سعید اجمل نے واحد شکار کیلیے 48 دیے، افتخار انجم نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔

زرعی ترقیاتی بینک کے اوپنر حسین طلعت نے 117 گیندوں پر ناقابل شکست 141 رنز بنا کر مشکل ہدف آسان کر دیا، دوسرے اوپنر شرجیل نے 81 رنز کی اننگز کھیلی، حارث سہیل نے بغیر وکٹ گنوائے نصف سنچری بنا کر ٹیم کو صرف 2 وکٹوں کے نقصان پر فتح دلائی تو ابھی میچ کی 46 گیندیں باقی تھیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں