چوہدری شجاعت حسین کی آپ بیتی ’’سچ تو یہ ہے‘‘

اس کتاب میں چوہدری شجاعت حسین نے گزشتہ 3دہائیوں سے زائد عرصے سے سیاست میں سرگرم رہنے کے حوالے سے بہت سی باتیں کیں۔


[email protected]

PESHAWAR: ہماری سیاست کی بھولی بھالی شخصیت چوہدری شجاعت حسین جنہوں نے آخر کار اپنی آپ بیتی ''سچ تو یہ ہے'' لکھ ہی دی، جسے اگر ''مجھے کیوں نکالا'' کا صحیح جواب کہیں تو غلط نہ ہوگا، چوہدری شجاعت حسین کو ذاتی طور پر میں جتنا جانتا ہوں یا ان سے ملاقاتوں میں بات چیت کے دوران میں نے جو محسوس کیا ہے وہ یہ ہے کہ انھیں نواز شریف کے حوالے سے ''غصہ'' یہ ہے کہ ان کے خاندان کی وساطت سے سیاست میں آنے والا شریف خاندان کس قدر کرپشن کرتا رہا ہے اور پھر سینہ زوری یہ کہ جب ان سے کوئی یہ پوچھتا ہے کہ ہاں بتاؤ کہاں سے پیسہ آیا تو پھر یہ پوچھنے کا کسی کو حق حا صل نہیں ہے۔

''سچ تو یہ ہے'' کے مطالعے کے دوران یہ محسوس ہوا کہ جیسا مصنف ویسی تصنیف سیدھی سادی، رواں دواں، برجستہ اور کرماں والی آپ بیتی ہے۔ چوہدری صاحب پیشہ ور لکھاری نہیں اور یہی سادگی و پرکاری اس کتاب کا حسن ہے۔

اس کتاب میں چوہدری شجاعت حسین نے گزشتہ 3دہائیوں سے زائد عرصے سے سیاست میں سرگرم رہنے کے حوالے سے بہت سی باتیں کیں۔انھوں نے بتایا ہے کہ ان کے کاروبار مختلف تجارتی شعبوں تک پھیلے ہوئے ہیں۔ان کے والد نے بطور پولیس کانسٹیبل اپنی عملی زندگی کا آغاز کیا تھا۔چوہدری شجاعت حسین پہلی بار 1981ء میں اپنے والد کے قتل کے بعد سیاست میں داخل ہوئے۔ وہ جنرل ضیاالحق کی مجلسِ شوریٰ میں شامل ہوئے۔

1985ء کے غیر جماعتی انتخابات میں کامیابی کے بعد وزیرِاعظم محمد خان جونیجو کی کابینہ میں بطور وفاقی وزیر شامل ہوئے۔اس کے بعد 4دفعہ قومی اسمبلی کے رکن رہے۔اور جہاں تک میں انھیں جانتا ہوں انھوں نے اس کتاب میں ایک ایک لفظ سچ لکھا ہے، اس کتاب میں انھوں نے اپنی اور اپنے خاندان کی زندگی کو کھول کر رکھ دیا ہے۔اس کتاب میں انھوں نے اپنے دور حکومت میں پیش آنے والے بڑے واقعات کی منظرکشی کی ہے۔

گزشتہ روز مذکورہ کتاب کی تقریب رونمائی لاہور میں ہوئی تو وہ دن یاد آگئے جب راقم انھیں مشورہ دیا کرتا تھا کہ چوہدری صاحب آپ کے سینے میں جو راز دفن ہیں انھیں عوام کے سامنے لے آئیں تاکہ لوگوں کو علم ہو جائے کہ شریف خاندان اس ملک کے ساتھ کیا کیا کرتا رہا۔ لیکن چوہدری صاحب ''مٹی پاؤ'' کی پالیسی پر عمل پیرا رہے اور اُن کی شخصیت میں نفیس پن آڑے آتا رہا۔ لیکن بادی النظر میں جو انکشافات انھوں نے آج کیے وہ انھیں بہت پہلے کر دینے چاہیے تھے۔

خیر دیر آید درست آید کے مصداق اس کتاب میں انھوں اپنے والد چوہدری ظہور الٰہی کے حوالے سے بہت سی باتیں اور یاداشتیں تحریر کی ہیں۔ اپنی اور پرویزالٰہی کی پہلی گرفتاری کے حوالے سے انھوں نے جذباتی سی تحریر بھی لکھی ہے، کہ انھیں کس طرح سیاسی قیدی بنا کر جیل میں رکھا گیا اور بدبو دار کمرے میں بدبو دار کھانا اور کمبل دیے جاتے رہے۔

نواز شریف سے پہلی ملاقات کے حوالے سے انھوں نے لکھا کہ میاں نواز شریف سے ہماری پہلی ملاقات 1977ء میں اس وقت ہوئی جب جنرل ضیاء الحق نے بھٹو حکومت کا تختہ اُلٹنے کے فوراً بعد نوے روز میں الیکشن کرانے کا اعلان کیا تھا۔

میرے والد لاہور میں بھٹو کے مقابلہ میں الیکشن لڑرہے تھے، ایک روز ہم انتخابی مہم کی تیاری کے سلسلہ میں اپنے گھر کے دفتر میں بیٹھے تھے کہ ایک ملازم نے آکر بتایا کہ باہر کوئی ''نوجوان'' (نواز شریف) آیا ہے اور کہہ رہا ہے کہ اس نے چوہدری ظہورالٰہی صاحب سے ملنا ہے۔ والد صاحب چونکہ میٹنگ میں مصروف تھے، انھوں نے پرویزالٰہی سے کہا کہ وہ اس نوجوان سے جا کر مل لیں۔ پرویزالٰہی باہر آئے تو ایک گوراچٹا کشمیری نوجوان برآمدے میں بیٹھا تھا۔

اس نے پرویزالٰہی کو اپنا وزیٹنگ کارڈ دیتے ہوئے کہا کہ اسے اس کے والد میاں محمد شریف نے بھیجا ہے اور کہا ہے کہ وہ چوہدری ظہورالٰہی کی الیکشن مہم میں فنڈز دینا چاہتے ہیں۔ پرویزالٰہی نے اس نوجوان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ الیکشن مہم کے لیے ہم کسی سے فنڈ نہیں لیتے اور یوں یہ سرسری سی ملاقات ختم ہو گئی۔انتخابی میٹنگ سے فارغ ہونے کے بعد میرے والد نے پوچھا کہ باہر کون تھا، تو پرویزالٰہی نے بتایا کہ اس طرح میاں محمد شریف صاحب کا بیٹا آیا تھا اور کہہ رہا تھا کہ ان کے والد الیکشن کے لیے فنڈز دینا چاہتے ہیں۔

والد صاحب نے کہا، تم نے اس کو بتایا نہیں کہ ہم الیکشن کے لیے فنڈز نہیں لیتے۔ پرویزالٰہی نے کہا، میں نے تو اس کو یہ بات بتا دی تھی لیکن آپ بھی بتا دیں، یہ کہہ کر اس نوجوان کا وزیٹنگ کارڈ میرے والد کو دے دیا۔ یہ نوجوان میاں نواز شریف تھے۔ 1977ء میں اس ملاقات سے پہلے ہم کبھی ان سے ملے، نہ ان کے بارے میں سُنا تھا۔

اس کے بعد کے حالات کا بھی چوہدری شجاعت نے ذکر کیا ہے کہ وہ کس طرح 1985ء میں وزیر اعلیٰ پنجاب کے منصب پر پہنچے اور اس کے بعد جنرل ضیاء نے کس طرح نواز شریف کو جھاڑ پلائی جس سے ان کی ہوائیاں اُڑ گئیں۔ چوہدری شجاعت نے انکشاف کیا کہ نواز شریف کے وزارتِ عظمیٰ کا حلف لینے سے پہلے اسلام آباد ہوٹل میں نواز شریف نے ایک پارٹی میٹنگ بلائی۔ وہاں بہت سے مقررین نے تقریریں کیں۔

میرا تقریر کرنے کا کوئی ارادہ نہیں تھا۔ مجھے مجبوراًتقریر کرنی پڑی۔چوہدری شجاعت نے کہا کہ یہ دیکھ کر کہ ارکان قومی اسمبلی کس طرح نواز شریف کی چاپلوسیاں کررہے ہیں۔ میں نے کہا کہ میں بھی کچھ کہنا چاہتا ہوں، نواز شریف کو مخاطب کرتے ہوئے میں نے کہا کہ میاں صاحب میں صرف تین باتیں کہنا چاہوں گا، جب آپ وزیراعظم بن جائیں تو ان تین باتوں کا بہت خیال رکھیں۔.1اپلوسوں کی باتوں میں نہ آئیں۔ .2منافقوں سے دور رہیں۔.3آپ میں ''میں'' نہیں آنی چاہیے۔

یہ تین باتیں کرنے کے بعد میں اسٹیج سے نیچے اترا تو تمام ہال تالیوں سے گونج اُٹھا، بعد ازاں جب ہم گاڑی میں بیٹھ کر واپس گھر آرہے تھے تو اسمبلی کے آگے سے گزرتے ہوئے میاں صاحب نے مجھ سے پوچھا کہ آپ جو تین باتیں بتا رہے تھے، وہ دوبارہ بیان کریں، میں نے دوبارہ انھیں وہ باتیں سنائیں۔ لیکن افسوس سے کہنا چاہوں گا کہ میاں صاحب نے میری تینوں باتوں پر اُلٹ ہی عمل کیا۔

اس کتاب میں اور بھی بہت کچھ ہے جو حقیقت میں شریف خاندان کے حوالے سے بہت سے انکشافات ہیں کہ یہ خاندان پاکستان کی سیاست میں کس طرح ''ان'' ہوا اور کیا کیا کرتا رہا۔ میں سمجھتا ہوں کہ عصر حاضر میں اس کتاب کے حوالے سے جتنی تعریف کی جائے کم ہے، اور میرا یہ دعویٰ ہے کہ جس نے بھی چوہدری شجاعت حسین کی اس کاوش کو پڑھا وہ ضرور ان کو اپنا گرویدہ بنا لے گا۔ انھوں نے 300سے زائد صفحات میں بہت سے موضوعات کو چھیڑا ہے۔ انھوں نے کتاب میں انکشاف کیا کہ پرویز مشرف سے افتخار چوہدری کی شکایت شوکت عزیز نے کی اور افتخار چوہدری کی بحالی پر پرویز مشرف کو مشورہ دیا کہ انھیں ''جپھا'' ڈال لیں لیکن دونوں کے ارد گرد موجود لوگوں نے صلح کا موقع گنوایا۔

انھوں نے ڈاکٹر عبدالقدیر کے حوالے سے لکھا کے جنرل مشرف کے کہنے پر ڈاکٹر صاحب نے اعتراف کیا کہ انھوں ایٹمی راز افشاں کرنے کے پیسے لیے۔ چوہدری شجاعت نے لکھا کہ نواز شریف، آصف زرداری کے خلاف منشیات اسمگلنگ کا مقدمہ بنوانا چاہتے تھے تاہم جھوٹا مقدمہ بنانے سے انکار کر دیا تھا جب کہ آصف زرداری نے 2011ء میں کہا کہ آپ کی وجہ سے آج صدر پاکستان ہوں۔

اپنی کتاب میں چوہدری شجاعت حسین نے مزید لکھا کہ لال مسجد واقعے کے بارے میں سوچ کر آج بھی پریشان ہوجاتا ہوں۔چوہدری شجاعت نے اپنی کتاب میں دعویٰ کیا کہ 2008ء کا الیکشن فکس تھا اور امریکا بینظیر بھٹو کو وزیراعظم دیکھنا چاہتا تھا۔میرے والد ظہور الٰہی نے رحمان ملک کو نوکری دی لیکن رحمن ملک نے ڈائریکٹر ایف آئی اے بنتے ہی سب سے پہلے مجھے اور چوہدری پرویز الٰہی کو جیل میں ڈالا۔

بہرکیف اس کتاب سے یہ اندازہ بھی لگایا جا سکتا ہے کہ کبھی ہمارے سیاستدان استاد دامنؔ اور حبیب جالبؔ جیسے مجذوبوں کو بھی محبوب اور محترم رکھتے تھے۔ یہ انھی کی تربیت تھی کہ چوہدری شجاعت اور چوہدری پرویز الٰہی نوجوانی میں استاد دامن کے حجرے ٹکسالی گیٹ میں حاضری دیا کرتے اور ان کے بزرگ حبیب جالبؔ جیسوں کے نخرے اٹھایا ا ور اس پر فخر کیا کرتے۔ آج اگر ویسے سیاستدان نہیں رہے تو استاد دامنؔ اور جالبؔ کی جگہ پر بھی تو دکانداروں کے سوا کچھ نہیں۔ دونوں انتہاؤں پر قحط الرجال انتہا پر ہے تو وہ مصرعہ ہانٹ کیوں نہ کرے،

''زوال آئے تو پورے کمال میں آئے''

مختصراً یہ کہ ایوب خان کے دور سے گزر کر 1970ء کے انتخابی معرکے، بھٹودور، 77ء کی پی این اے تحریک، جنرل ضیا کے عہد اور بینظیر، نواز زمانوں سے ہوتے ہوئے پرویز مشرف کے عہد سے ''فکس'' ہوچکے الیکشن 2008ء تک یہ کتاب انتہائی اہم اور قیمتی دستاویز ہے، خصوصاً سیاست کے طالبعلموں کے لیے جنھیں چوہدری شجاعت کا شکریہ ادا کرنا چاہیے۔ نواز شریف کو بھی چاہیے، ''فارغ ہو کر کچھ لکھیں ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں