سری دیوی نے موت کے بعد بہترین اداکارہ کا ایوارڈ جیت لیا

سری دیوی ’’موم‘‘ میں بہترین اداکاری پر نیشنل ایوارڈ کی حقدار ٹھہری ہیں


ویب ڈیسک April 13, 2018
لیجنڈری اداکارہ سری دیوی کو فلم’’موم‘‘کیلئے بہترین اداکارہ کا ایوارڈ دیا گیا؛ فوٹوفائل

دو ماہ قبل ہمیشہ کیلئے اپنے چاہنے والوں کو سوگوار چھوڑ کر جانے والی سری دیوی فلم ''موم'' میں بہترین اداکاری پر نیشنل ایوارڈ کی حقدار ٹھہری ہیں۔

بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں65 ویں نیشنل فلم ایوارڈ کا اعلان کردیا گیا ہے جس میں ایوارڈ انتظامیہ نے بھارتی فلم انڈسٹری کیلئے خدمات انجام دینے والے اداکاروں کے ناموں کا اعلان کیا۔ بھارتی فلم انڈسٹری کی لیجنڈری آنجہانی اداکارہ سری دیوی کو رواں سال فلم''موم''کیلئے بہترین اداکارہ کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔



جب کہ بہترین ہندی فلم ''نیوٹن''قرار دی گئی ہے۔



بھارتی فلم انڈسٹری کے صف اول کے موسیقار اے آر رحمان نے فلم''کاترو ویلیادائی''کیلئے بہترین میوزک ڈائریکٹر اورفلم ''موم''میں بہترین بیک گراؤنڈ میوزک کیلئے ایوارڈ جیتا، اس کے ساتھ اے آر رحمان نے اپنی زندگی میں 6 بار نیشنل ایوارڈ حاصل کرنے والے بھارت کے پہلے میوزک کمپوزر کا اعزاز حاصل کرلیا ہے۔



گزشتہ برس مثانے کے کینسر جیسے موذی مرض میں مبتلا ہوکر ہمیشہ کیلئے اپنے چاہنے والوں کو سوگوار چھوڑ کر اس دنیا سے رخصت ہوجانے والے اداکار ونود کھنہ کیلئے بھارت کے سب سے بڑے اعزاز 'داداصاب پھالکے' ایوارڈ کا اعلان کیا گیا، یہ ایوارڈ انہیں بھارتی فلم انڈسٹری میں گراں قدر خدمات انجام دینے کیلئے دیا گیا۔



بھارتی فلم انڈسٹری میں کمائی کے نئے ریکارڈ قائم کرنے والی فلم''باہوبلی2''نے بہترین اسپیشل ایفیکٹس اور بہترین ایکشن کیلئے ایوارڈ جیتا۔



بالی ووڈ کو اپنی انگلیوں پر نچانے والے نامور کوریوگرافر گنیش اچاریہ نے فلم''ٹوائلٹ ایک پریم کتھا''کے گیت ''گوری تو لٹھ مار' کی کوریوگرافی کیلئے نیشنل ایوارڈجیتا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں