پنجاب پاور ڈیولپمنٹ کمپنی کرپشن کیس سابق چیف فنانس آفیسر اکرام نوید گرفتار

ملزم کے خلاف اختیارات کے ناجائز استعمال اور ذرائع آمدن سے زائد اثاثہ جات بنانے کے شواہد حاصل ہوئے ہیں، نیب لاہور


ویب ڈیسک April 14, 2018
اکرام نوید کے غیر قانونی اقدام سے حکومتی خزانے کو23 کروڑ 20 لاکھ روپے کا نقصان ہوا، نیب لاہور فوٹو: فائل

لاہور: نیب نے پنجاب پاور ڈیولپمنٹ کمپنی کے سابق چیف فنانس آفیسر اکرام نوید کو 23 کروڑ روپے سے زائد کی کرپشن کے الزام میں گرفتار کرلیا۔

نیب لاہور کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق پنجاب پاور ڈولپمنٹ کمپنی کرپشن کیس میں بڑی اور اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ جس کے نتیجے میں کمپنی کے سابق چیف فنانس آفیسر اکرام نوید کو گرفتار کیا گیا ہے۔ تحقیقات کے دوران ملزم کے خلاف اختیارات کے ناجائز استعمال اور ذرائع آمدن سے زائد اثاثہ جات بنانے کے ٹھوس شواہد حاصل ہوئے ہیں۔ ملزم نے دھوکہ دہی اور فراڈ سے نا صرف اپنے بلکہ دیگر عزیز و اقارب کے نام بھی متعدد جائیدادیں بنائیں۔

نیب لاہور نے کہا ہے کہ ملزم اکرام نوید کو پنجاب پاور ڈیولپمنٹ کمپنی کے مالی معاملات کے حوالے سے ماہرانہ رائے فراہم کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی تھی، بطور سی ایف او کمپنی کے تمام مالی معاملات کا ریکارڈ اور اکاؤنٹس کی تفصیلات کے علاوہ اندرونی مالی معاملات کی مکمل ذمہ داری بھی ملزم کی تھی، میسرز کاسمک کنسلٹنسی ایک جعلی فرم تھی جس کا کاغذوں کے علاوہ کوئی وجود نہیں تھا ملزم نے اختیارات کا ناجائز استعمال اور دھوکہ دہی سے میسرز کاسمک کنسلٹنسی کو جعلی ادائیگیاں کیں، ملزم اکرام نوید کے غیر قانونی اقدام حکومتی خزانے کو23 کروڑ 20 لاکھ روپےکے نقصان کا موجب بنے اور یہ رقوم اپنے عزیز کے اکاؤنٹ میں منتقل کیں۔

قومی احتساب بیورو کا کہنا ہے کہ تفتیش کو مزید آگے بڑھانے اور لوٹی گئی رقوم کی واپسی کے لئے ملزم اکرام نوید کی گرفتاری عمل میں لائی گئی ہے، نیب حکام کی جانب سے ملزم کو گرفتاری کے بعد جسمانی ریمانڈ کے حصول کیلئے احتساب عدالت کے روبرو پیش کیا جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں