دشمن جانتے ہیں کہ وہ ہمیں شکست نہیں دے سکتے سربراہ پاک فوج

ہم نے غیر معمولی قوتوں کے ہر اقدام کو شکست دی اور انشاء اللہ ایسا کرتے رہیں گے،جنرل قمر جاوید باجوہ


ویب ڈیسک April 14, 2018
ہماری امن کی خواہش کو ہرگز ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے، سربراہ پاک فوج - فوٹو: فائل

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ ہماری امن کی خواہش کو ہرگز ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے جب کہ دشمن جانتے ہیں کہ وہ ہمیں شکست نہیں دے سکتے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پی ایم اے کاکول میں137ویں لانگ کورس کی پاسنگ آوٹ پریڈ ہوئی جس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ بطور مہمان خصوصی شریک ہوئے اور پریڈ کا معائنہ کیا جب کہ انہوں نے پوزیشنز حاصل کرنے والے کیڈٹس کو ایوارڈ بھی دیے۔ پاسنگ آوٹ پریڈ میں سعودی عرب کے 6 کیڈٹس سمیت فاٹا سے 31 اور بلوچستان سے 67 شامل تھے۔

پاسنگ آوٹ پریڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ ہمارے دشمن جانتے ہیں کہ وہ ہمیں شکست نہیں دے سکتے لیکن وہ ہمیں کمزور کرنے کے لیے ہمارے عزم کو کمزور کرنے کی کوششیں کررہے ہیں تاہم ہمیں اپنی قوم کا مکمل اعتماد اور حمایت حاصل ہے، ہم نے غیر معمولی قوتوں کے ہر اقدام کو شکست دی اور انشاء اللہ ایسا کرتے رہیں گے۔

پاک فوج کے سربراہ کا کہنا تھا کہ پاکستان امن پسند ملک ہے اور اپنے تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ ہم آہنگی و پرامن بقائے باہمی چاہتا ہے جب کہ اپنی سرزمین کسی دوسرے ملک کے خلاف استعمال کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی اور انتہا پسندی کو مکمل طور پر مسترد کیا، قوم اور پاک فوج دہشت گردی کے خاتمے کے لیے متحد ہے جب کہ ردالفساد ایک آپریشن ہی نہیں، قوم کے عزم کی علامت ہے۔

جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ کشمیریوں کے حق خودارادیت کے بنیادی حق کی مکمل سیاسی و اخلاقی حمایت کرتے ہیں اور یہی وقت ہے عالمی برادری برصغیر کے اس بد قسمت حصے میں امن کے لیے کردار ادا کرے جب کہ ہماری امن کی خواہش کو ہرگز ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے، ہماری بہادر افواج الحمدللہ ہر خطرے کا بھرپور جواب دینے کو تیار ہے۔

آرمی چیف جنر ل قمر جاوید باجوہ نے کیڈٹس کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آج آپ نے دنیا کی انتہائی سخت جان جنگی فوج سے اپنے کیریر کا آغاز کیا، پاک فوج اپنی قومی ذمہ داریوں کو بجا لانے میں مکمل سنجیدہ ہے جب کہ اپنی سرزمین سے دہشت گردوں اوران کے انفراسٹرکچرکوختم کردیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں