رواں برس پاکستان میں اولین ٹی 10 لیگ کا انعقاد دشوار

ستمبر میں ایشیا کپ شیڈول،ونڈو نہیں مل رہی،30 اپریل کواہم اجلاس ہوگا


Saleem Khaliq April 15, 2018
پی ایس ایل فرنچائز مالکان سے لیگ،نئے براڈکاسٹ وٹی وی رائٹس پر تبادلہ خیال۔ فوٹو : سوشل میڈیا

رواں برس پاکستان میں اولین ٹی 10 لیگ کاانعقاد دشوار دکھائی دینے لگا۔

گزشتہ برس کے اواخر میں یو اے ای میں امارات کرکٹ بورڈکی منظوری سے ٹی 10 لیگ کا انعقاد کیا گیا، ایک پی ایس ایل فرنچائز نے مذکورہ ایونٹ کی بھی ٹیم خریدی تھی،لیگ کو سپورٹ کرنے اور اہم پاکستانی پلیئرزکو ریلیز کرنے پر پی سی بی کو خاصی تنقید کا نشانہ بھی بنایاگیا، بعد میں شارجہ میں ٹی ٹین لیگ میں شائقین کی دلچسپی دیکھ کر پاکستان نے خود بھی ہوم گراؤنڈز پر ایسا ایونٹ کرانے کا عندیہ دیا۔

اس حوالے سے ستمبر کی تاریخوں پر غور جاری تھا، مگر اب13 سے 28 ستمبر تک ایشیا کپ یو اے ای میں منعقد ہو رہا ہے،قومی ٹیم دورئہ برطانیہ کے بعد زمبابوے جائے گی، پھر آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ سے سیریز ہونی ہیں۔

اس دوران ویسٹ انڈیز سے امریکا میں میچز بھی متوقع ہیں، لہذا ٹی ٹین لیگ کیلیے کوئی ونڈو تلاش کرنا خاصا مشکل ہو گا،اسی لیے اب اگلے سال میں انعقاد پر غور شروع ہو گیا ہے،اس حوالے سے30 اپریل کو چیئرمین بورڈ نجم سیٹھی کی پی ایس ایل فرنچائز مالکان سے ملاقات ہونی ہے، ٹی ٹین لیگ میں ان سب نے خاصی دلچسپی ظاہر کی تھی، میٹنگ میں پاکستان سپر لیگ کی نئی ٹائٹل اسپانسر شپ اور ٹی وی رائٹس پر بھی تبادلہ خیال ہوگا۔

واضح رہے کہ ابتدائی تینوں ایڈیشنز کے کامیاب انعقاد کے بعد پی ایس ایل کی مارکیٹ ویلیو میں خاصا اضافہ ہو چکا ہے، نئی ڈیل سے نہ صرف بورڈ بلکہ فرنچائزز کو بھی بھاری آمدنی ہوگی۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں