دورۂ برطانیہ کے لیے اسکواڈ میں فواد عالم کی شمولیت پرعدم اتفاق

بیٹنگ لائن میں امام الحق سمیت سعد علی کوبھی شامل کرنے پر سلیکٹرزکا غور

راحت علی اورفہیم اشرف مضبوط امیدواروں میں شامل، پلیئرز کا اعلان آج ہوگا۔ فوٹو: فائل

آئرلینڈ وانگلینڈ سے ٹیسٹ میچز کیلیے سلیکٹرز اور کوچ کی مشاورت مکمل ہوگئی تاہم اسکواڈ کا اعلان اتوار کوہوگا جب کہ فواد عالم کی شمولیت پر اتفاق نہ ہو سکا۔

آئرلینڈ وانگلینڈ کیخلاف ٹیسٹ میچز کیلیے اسکواڈ کے حوالے سے انضمام الحق کی زیرسربراہی سلیکشن کمیٹی کی ہیڈ کوچ مکی آرتھر اور کپتان سرفراز احمد سے گزشتہ روز بھی مشاورت جاری رہی،کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان اتوارکوہوگا۔

ذرائع کے مطابق فخرزمان اور اظہر علی کے ساتھ ایک اضافی اوپنر امام الحق کو بھی شامل کیے جانے کا امکان روشن ہے، مڈل آرڈر میں بابر اعظم، اسد شفیق اور حارث سہیل کو جگہ ملے گی، وکٹ کیپر بیٹسمین کے طور پر کپتان سرفراز احمد موجود ہوںگے۔


اسپن کے شعبے میں شاداب خان کے ساتھ محمد اصغر اور بلال آصف میں سے کسی ایک کو جگہ ملے گی، فہیم اشرف ٹیم میں بولنگ آل راؤنڈر کا خلا پُرکریںگے،پیس بیٹری میں محمد عامر،حسن علی، محمد عباس اور راحت علی شامل ہونگے، میر حمزہ کا نام بھی زیر غور ہے۔

فواد عالم کو شامل کرنے پر سلیکٹرز اور مینجمنٹ میں اتفاق نہیں پایا جاتا،لہذا سعد علی کو موقع دیا جاسکتا ہے، دوسری طرف ممکنہ کھلاڑیوں کی ٹریننگ کا سلسلہ گذشتہ روز بھی جاری رہا، وارم اپ اور فٹنس ڈرلز کا طویل سیشن کرنے کے بعد گراؤنڈ فیلڈنگ میں پلیئرز نے پک اینڈ تھروکی مشقوں میں حصہ لیا۔

نیٹ میں بیٹنگ اور بولنگ کی بھی خوب پریکٹس ہوئی،اتوار کو تربیتی کیمپ کا آخری روز ہے، واحد سیشن 9:45 سے 11:45تک ہوگا،18سے 22اپریل تک ٹور کیلیے منتخب اسکواڈ میں شامل کھلاڑی ہی ٹریننگ کریں گے جب کہ قومی ٹیم 23اپریل کو انگلینڈ روانہ ہوگی۔
Load Next Story