گوجرانوالہ میں بھائی نے جوان بہن اور 100 سالہ دادی کو قتل کردیا

واقعہ غیرت کے نام پر پیش آیا، عینی شاہدین کا پولیس کو بیان

ملزم نے بہنوں پہ فائرنگ کی جنہیں بچاتے ہوئے دادی زد میں آگئی، پولیس؛ فوٹوفائل

تھانہ قلعہ دیدار سنگھ میں بھائی نے 17 سالہ بہن اور 100 سالہ دادی کو فائرنگ اور تشدد کرکے قتل کردیا جب کہ ملزم کی دوسری بہن زخمی ہے اور تشویشناک حالت میں اسپتال میں داخل ہے۔


ایکسپریس نیوزکے مطابق گوجرانوالہ کے علاقےتھانہ قلعہ دیدار سنگھ کے گاؤں گڑھا میں ملزم سفیان نے گھریلو ناچاقی کے باعث اپنی 17 سالہ بہن اقرا اور 18 سالہ بہن سدرہ پر ڈنڈوں سے شدید تشدد کیا، بعد ازاں ان پر فائرنگ کردی۔ اسی دوران دادی اپنی پوتیوں کو بچاتے ہوئے فائرنگ کی زد میں آگئی جس کے نتیجے میں دادی پوتی دونوں جاں بحق ہوگئیں جبکہ ملزم کی 18 سالہ بہن سدرہ کو شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں اس کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس فوراً موقع پر پہنچ گئی تاہم ملزم سفیان واردات کے بعد فرار ہوگیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے بہنوں پر فائرنگ کی جنہیں بچاتے ہوئے دادی زد میں آگئی اور ہلاک ہوگئی۔ پولیس نے دہرے قتل کا مقدمہ درج کرکے تفتیش کا آغاز کردیا ہے جب کہ ملزم کی تلاش کا عمل جاری ہے۔ دوسری جانب عینی شاہدین نے پولیس کوبیان دیتے ہوئے کہا کہ ملزم نے تلخ کلامی کے بعد اپنی بہنوں پر فائرنگ کی، واقعہ غیرت کے نام پر پیش آیا ہے۔
Load Next Story