سشمیتا محض اچھی دوست ہیں شادی کی خبریں بےبنیاد ہیں وسیم اکرم

اس وقت میری تمام تر توجہ اپنے دونوں بچوں کی اچھی تربیت کرنے پر مرکوز ہے، وسیم اکرم

وسیم اکرم نے کہا کہ میری اور سشمیتا دونوں کی اپنی اپنی نجی زندگی ہے اور میڈیا کو اس کا احترام رکھنا چاہیئے۔

سابق فاسٹ بولر وسیم اکرم نے سشمیتا سین سے شادی کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے اسے میڈیا کا پروپیگینڈا کہا ہے۔


وسیم اکرم نے غیر ملکی خبر رساں ایجنسی سے بات کرتے ہوئے سشمیتا سین سے شادی کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ وہ اور سشمیتا سین صرف اچھے دوست ہیں، سشمیتا سین نہایت ہی پُر وقار خاتون ہیں اور اپنے کام سے انتہائی مخلص رہتی ہیں۔ وسیم نے کہا کہ سشمیتا کے ساتھ 2008 میں ڈانس شو جج کرنا ایک اچھا تجربہ ثابت ہوا اور اگر آگے بھی موقع ملا تو ان کے ساتھ ضرور کام کروں گا۔



وسیم اکرم نے کہا کہ میری اور سشمیتا دونوں کی اپنی اپنی نجی زندگی ہے اور میڈیا کو اس کا احترام رکھنا چاہیئے، انہوں نے کہا کہ اس وقت ان کی تمام تر توجہ اپنے دونوں بچوں کی اچھی تربیت کرنے پر مرکوز ہے۔ سشمیتا کے ترجمان نے بھی کہا ہے کہ بالی ووڈ اداکارہ کا ابھی شادی کے بندھن میں بندھنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔


بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا تھا کہ وسیم اکرم اور سشمیتا سین اسی ماہ کے آخر میں شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گے اور دونوں اسٹارز شادی کے بعد دبئی میں رہنے کا ارادہ رکھتے ہیں ۔


وسیم اکرم اور سشمیتا نے پہلی بار سال 2008 میں بھارتی ڈانس ریلیٹی شو ''ایک کھلاڑی ایک حسینہ'' میں ججز کے فرائض انجام دیے تھے اور تب سے ہی بھارتی میڈیا میں دونوں کی دوستی کی خبریں آنا شروع ہوگئی تھیں۔

Recommended Stories

Load Next Story