تحریک انصاف میں اے پی ایم ایل کے 18 عہدیداروں کی شمولیت
عمران اسماعیل نے انصاف ہاؤس میں منعقدہ اہم پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران پی ٹی آئی کا حتمی فیصلہ سناتے ہوئے چیلنج کردیا کہ عمران خان آئندہ انتخابات کراچی سے لڑیں گے اور تاریخی کامیابی حاصل کرینگے اگر کسی لیڈر میں دم ہے تو آئے عمران خان کا مقابلہ کرکے دکھائے جب کہ مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل عمران اسماعیل نے ن لیگ پرالزام عائد کیا کہ ججز پر حملے کے لیے انھوں نے فیصلے کا انتظار کیا،جسٹس صاحب کے گھر پر حملے میں نواز شریف اور ان کا خاندان ملوث ہے۔
پریس کانفرنس میں کراچی ڈویژن کے صدر فردوس شمیم نقوی،مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل عمران اسماعیل،سندھ کے سینئر نائب صدر حلیم عادل شیخ کے علاوہ دیگر رہنما بھی شریک تھے ،پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے فردوس شمیم نقوی نے آل پاکستان مسلم لیگ کے عہدیداروں اورایم کیوایم کے ذمے دار جمشید کی پی ٹی آئی میں شمولیت کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ حلیم عادل شیخ کی کاوشوں کا نتیجہ ہے ،انھوں نے مطالبہ کہ کراچی کے عوام بجلی کی بندش سے شدید پریشان ہیں بجلی کا بحران جلد حل کیا جائے۔
عمران اسماعیل نے سوال کیا کہ کیا پاکستان میں کسی بدمعاش کے خلاف فیصلہ نہیں ہوسکتا؟سی سی ٹی وی فوٹیج نکالی جائے چیک کیا جائے،پی ٹی آئی اس حملے کی مذمت کرتی ہے،عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ یہ ہمارا حتمی فیصلہ ہے کہ عمران خان آئندہ انتخابات کراچی سے لڑیں گے۔
انھوں نے بے بی بلاول بھٹو زرداری کو چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ اگر دم ہے توآئیں کراچی میں عمران خان کے خلاف الیکشن لڑ کردکھائیں،یہ چیلنج صرف بے بی زرداری کونہیں، بڑے زرداری،نواز شریف اور شہباز شریف کو بھی کرتے ہیں،تمام لیڈرز آئیں عمران خان کا مقابلہ کرکے دکھائیں،انھوں نے کہا کہ ہم کراچی میں ہر قسم کی ہڑتال کی مخالفت کرتے ہیں،کراچی کو بند نہیں ہونے دینگے۔
حلیم عادل شیخ نے کہا کہ سندھ کے ہر حلقے سے ہم الیکشن لڑینگے، انھوں نے کہا کہ سنا ہے ایئر فورس کے طیارے میں شہباز شریف سفرکرتے ہیں کس نے انکو اجازت دی ہے؟ بتایا جائے کیا وزیراعلیٰ کو بھی ایئرفورس کے طیاروں میں سفر کرنے کی اجازت ہے۔اس موقع پر اے پی ایم ایل کے رکن عمران صدیقی نے بھی خطاب کیا۔